جب زینب عباس کو بھارتی ٹیم کی کیپ پہنادی گئی
کھیلوں میں اکثر پریزنٹرز کے ساتھ ایسے واقعات پیش آجاتے ہیں جن کی وجہ سے وہ اپنی پریشانی یا خوشی کا اظہار ٹھیک سے نہیں کر پاتے۔
ایسا ہی ایک واقعہ کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے لیے آئی سی سی کی ڈیجیٹل پریزنٹر زینب عباس کے ساتھ پیش آیا۔
زینب عباس آئی سی سی میں پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹ پریزنٹر ہیں جنہیں آئی سی سی نے انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے مختلف ممالک کی خواتین پریزنٹرز کے ہمراہ ایونٹ کی کوریج کے لیے منتخب کیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے شہرت پانے والی خاتون پریزنٹر بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان وارم اپ میچ کے دوران رپورٹنگ پینل کا حصہ بننے کے بعد اپنی پیشہ ورانہ مہارت دکھاتی ہوئی نظر آئیں۔
اس دوران انہوں نے بنگلہ دیشی شائقین سے بات چیت کی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ان شائقین کی رائے بھی بھی لی۔
جب انہوں نے مداحوں سے بات چیت مکمل کرلی تو پیچھے بیٹھے ایک بھارتی شائق نے زینب عباس کی اجازت کے بغیر انہیں بھارتی کرکٹ ٹیم کی کیپ پہنا دی۔
زینب عباس کا دھیان کیمرے کی جانب تھا تاہم کیپ پہنائے جانے کے بعد انہوں نے فوراً پیچھے کی جانب دیکھنے کی کوشش کی لیکن کسی بھی طرح کا ردِ عمل دینے سے گریز کیا۔