• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ہواوے کی فون پروڈکشن کم کرنے کی رپورٹس کی تردید

شائع June 4, 2019
کمپنی نے رپورٹ کی تردید کی — شٹر اسٹاک فوٹو
کمپنی نے رپورٹ کی تردید کی — شٹر اسٹاک فوٹو

گزشتہ ہفتے کے آخر میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں چینی کمپنی ہواوے نے نئے اسمارٹ فونز کی پروڈکشن کم کردی ہے، مگر اب کمپنی نے اس کی تردید کردی ہے۔

ساﺅتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے اثرات ہواوے پر مرتب ہونے لگے ہیں اور اس کا اگلے سال سام سنگ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی نمبرون اسمارٹ فون کمپنی کا خواب اب بظاہر تعبیر پاتا نظر نہیں آتا کیونکہ اس نے نئے فونز کی پروڈکشن روک دی ہے۔

رپورٹ میں تائیوان کی پروڈکشن کمپنی فوکس کون کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس نے متعدد ہواوے فونز کی پروڈکشن اس وقت معطل کردی جب چینی کمپنی نے آرڈرز کو کم کردیا۔

مگر اب ہواوے نے اس رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی ان دعوﺅں کی تردید کرتی ہے، ہماری گلوبل پروڈکشن لیول معمول پر ہے اور اس حوالے سے کوئی نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی۔

امریکا چینی حکومت سے ہواوے کے تعلقات پر اس کے خلاف اقدامات کررہا ہے اور امریکی انتظامیہ کے لیے ہواوے فونز نہیں بلکہ کمپنی کے ٹیلی کمیونیکشن انفراسٹرکچر آلات تشویش کا باعث ہیں۔

امریکی حکومت کے خیال میں ہواوے انفراسٹرکچر سے چینی حکومت کو جاسوسی اور تباہی پھیلانے کے مواقع ملیں گے اور یہی وجہ ہے کہ 2012 سے امریکا میں ہواوے ٹیلی کام آلات کے استعمال پر پابندی ہے۔

مگر گزشتہ سال ہواوے کے بارے میں امریکی اقدامات میں شدت دیکھنے میں اس وقت آئی جب ٹرمپ انتظامیہ نے مختلف کمپنیوں جیسے اے ٹی اینڈ ٹی اور دیگر کو ہواوے فونز کی ڈیل سے روک دیا گیا جبکہ گزشتہ ماہ ہواوے کو امریکی صدر نے بین کردیا تھا۔

امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے ہواوے کے پابندی پر 90 روز کے لیے ریلیف دیا گیا ہے، جس کے اطلاق کے بعد امریکی کمپنیاں ہواوے کو ٹیکنالوجی اور پرزہ جات فراہم نہیں کرسکیں گی، یعنی گوگل کو اینڈرائیڈ لائسنس منسوخ کرنا ہوگا، جس کی وجہ سے چینی کمپنی اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم کو جلد متعارف کرانا چاہتی ہے۔

ہواوے کی جانب سے اوپن سورس اینڈرائیڈ پر مبنی اپنے آپریٹنگ سسٹم کی تیاری پر کام ہورہا ہے جو کہ رواں سال یا اگلے برس کے آغاز میں کسی وقت متعارف کرایا جاسکتا ہے ، اگرچہ ابھی کمپنی کے صارفین کو گوگل ایپ اسٹور تک رسائی مل رہی ہے مگر کمپنی اپنے ایپ اسٹور کے لیے ایپس کی تیاری پر کام کررہی ہے۔

ہواوے نے امریکی پابندی پر قانونی جنگ بھی شروع کردی ہے جبکہ اپنے امریکی ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024