• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سری لنکا کی فتح کے ساتھ ملنگا کے شاندار کیریئر کا یادگار اختتام

شائع July 27, 2019 اپ ڈیٹ July 31, 2019
بنگلہ دیش کے تمیم اقبال کو آؤٹ کرنے کے بعد لاستھ ملنگا کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے پی
بنگلہ دیش کے تمیم اقبال کو آؤٹ کرنے کے بعد لاستھ ملنگا کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے پی

کوشل پریرا اور لاستھ ملنگا کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے میچ میں 91رنز سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی لاستھ ملنگا کا کیریئر شاندار انداز میں اختتام کو پہنچا۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 10 کے مجموعی اسکور پر آوشکا فرنینڈو پویلین لوٹ گئے۔

ابتدائی وکٹ جلد گرنے کے بعد کوشل پریرا اور کپتان دمتھ کرونارتنے نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور دوسری وکٹ کے لیے 97رنز کی شراکت قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب کرونارتنے 36رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ سے کوشل پریرا نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کوشل مینڈس کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے مزید 100رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سنچری بھی مکمل کی، وہ 111 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سومیا سرکار کی وکٹ بنے جبکہ اسکور میں پانچ رنز کے اضافے سے مینڈسن کی بھی 43رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

212 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد اینجلو میتھیوز کا ساتھ دینے لہیرو تھری مانے آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 60رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی بڑے مجموعے تک رسائی کو یقینی بنایا، میتھیوز 48 اور تھری مانے 25رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 314رنز بنائے، بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مستفیض الرحمان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی اوور میں اس وقت دھچکا لگا جب اننگز کی پانچویں گیند پر لاستھ ملنگا نے کپتان تمیم اقبال کو باؤلڈ کردیا۔

محمد متھن، سومیا سرکار اور محموداللہ بھی کچھ خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے جس کے سبب بنگلہ دیشی ٹیم صرف 39 رنز پر 4 بلے بازوں کی خدمات سے محروم ہو گئی۔

سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی آخری ون ڈے میچ کھیلنے والے لاستھ ملنگا کو گارڈ آف آنر پیش کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی
سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی آخری ون ڈے میچ کھیلنے والے لاستھ ملنگا کو گارڈ آف آنر پیش کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی

اس مرحلے پر تجربہ کار مشفیق الرحیم کا ساتھ دینے صابر رحمان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 111رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، دھننجیا ڈی سلوا نے 60 رنز بنانے والے صابر کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

اس کے بعد بنگلہ دیش کی تمام تر امیدیں مشفیق سے وابستہ تھیں لیکن دوسرے اینڈ سے گرنے والی وکٹوں کے سبب بالآخر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ بھی 67رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 56گیندوں قبل ہی 223 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں سری لنکا نے 91رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی۔

لاستھ ملنگا کیریئر کے آخری ون ڈے میچ کو یادگار بنانے میں کامیاب رہے اور تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوان پرادیپ نے بھی تین اور ڈی سلوا نے دو وکٹیں لیں۔

کوشل پریرا کو ان کی شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024