• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حد سے زیادہ محبت کرنے پر اماراتی خاتون نے شوہر سے طلاق مانگ لی

شائع August 22, 2019
یو اے ای میں خواتین معمولی مسائل کی وجہ سے بھی طلاق مانگنے لگی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
یو اے ای میں خواتین معمولی مسائل کی وجہ سے بھی طلاق مانگنے لگی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

عام طور پر دنیا بھر سے ایسی خبریں آتی ہیں کہ شوہر کی جانب سے اہلیہ کی چھوٹی خواہش پوری نہ کرنے پر خاتون نے ناراض ہوکر طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

تاہم شاید ہی ایسا کبھی ہوا کہ شوہر کی جانب سے حد سے زیادہ محبت کرنے اور ان کی جانب سے کہے بغیر ہی ہر کام کرنے کی عادت کی وجہ سے کوئی خاتون ان سے تنگ آگئی ہوں۔

لیکن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست شارجہ کی ایک خاتون ایسی بھی ہیں جنہیں شوہر کی جانب سے لاڈ اور پیار میں رکھے جانے پر اعتراض ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ شوہر ان سے کم سے کم ایک دن کے لیے جھگڑا کریں۔

شوہر کی جانب سے کبھی بھی جھگڑا نہ کرنے اور انتہائی اطاعت والی زندگی گزارے جانے کی وجہ سے خاتون نے تنگ آکر ان سے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

عرب اخبار ’خلیج ٹائمز‘ کے مطابق شارجہ کی ایک خاتون نے عدالت میں شوہر سے طلاق دلوائے جانے کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر نے ان کے ساتھ کبھی بھی کسی طرح کی بھی سختی نہیں کی اور وہ ان سے حد سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔

خاتون نے اعتراف کیا کہ ان کا شوہر ان کی جانب سے ہدایت ملے بغیر ہی گھر کی صفائی کرنا شروع کردیتے ہیں اور تو اور وہ ان کے لیے کھانا بھی تیار کرلیتے ہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر ان کا انتہائی اطاعت گزار ہے، انہیں کچھ کہنے کا موقع ہی نہیں دیتا اور ہر کام از خود کرنے سمیت ان سے کوئی بحث کیے بغیر ہر کام کرلیتا ہے۔

خاتون نے شوہر کی جانب سے حکم ملے بغیر اطاعت گزاری کرنے اور حد سے زیادہ محبت و احترام کرنے کو اپنے لیے عذاب قرار دیا۔

خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد اب تک شوہر سے کسی بات پر جھگڑے یا بحث کرنے کے لیے ترس گئی ہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر کی محبت اور ہر کام کرنے کی وجہ سے ان کی زندگی عذاب بن گئی ہے اور وہ مزید ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتیں۔

رپورٹ کے مطابق بیوی کی جانب سے طلاق کے لیے درخواست دائر کرنے کے بعد شوہر نے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ ایک اطاعت گزار شوہر رہیں۔

خاتون کے شوہر نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ انہیں کئی دوستوں اور رشتہ داروں نے بیوی کے ساتھ تلخ رویہ اختیار کرنے کے مشورے بھی دیے، تاہم وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے۔

شوہر نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ شادی کے چند ماہ بعد ایک دن اہلیہ نے انہیں ان کے اضافی وزن کا طعنہ دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سخت ورزش کی، جس وجہ سے انہیں ٹانگ میں چوٹ بھی لگی۔

شوہر نے عدالت کو کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کو اپنی درخواست واپس لینے کا مشورہ دیں گے اور یہ کہ کسی بھی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کم عرصے میں نہیں کیا جا سکتا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے خاتون کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کو باہمی رضامندی کے ساتھ کوئی فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Atiya Sami Aug 23, 2019 04:15pm
kabhi adalat nai kisi shoar ko bilawaja/ghusye mai talaq dainye pur hukum sonaya kai yha talaq nahi ho suktye apas mai sulha kar loa jo Khuda muard ko ikhtyar daita hai vohye Khuda aurat ko bhe khula lainye ke ijazat daitta hai chahye dunyia waloan ke nazar mai waja mamolye kioan na ho.Aurat insan hai ous ke pasand napasand hai jisye zindagi kai kise hisye mai istemal kur suktye hai

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024