• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ہواوے کے نئے فلیگ شپ فونز کی تفصیلات قبل از وقت لیک

شائع September 12, 2019
— فوٹو بشکریہ سی نیٹ ڈاٹ کام
— فوٹو بشکریہ سی نیٹ ڈاٹ کام

ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز گزشتہ چند برسوں سے ستمبر کو متعارف کرائے جارہے ہیں اور اسمارٹ فونز کے صارفین کو ان کا انتظار بھی رہتا ہے۔

مگر اس سال ایپل کے نئے آئی فونز کو ہواوے کے نئے فلیگ شپ میٹ 30 سیریز کے فونز کا سامنا ہوگا جو کہ 19 ستمبر کو پیش کیے جارہے ہیں۔

ان فونز کے بارے میں فی الحال یہ معلوم ہے کہ ان میں گوگل ایپس اور سروسز کو پری لوڈ نہیں دیا جائے گا جبکہ اوپن سورس اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی موجودگی کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ ایک بات طے ہے کہ اس میں کیرین 990 پراسیسر ہوگا جو کہ کمپنی نے رواں ماہ کے شروع میں آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرایا تھا۔

مگر فون کے متعارف ہونے سے ایک ہفتہ پہلے ہی اس کے تمام تر فیچرز لیک ہوکر سامنے آگئے ہیں۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک راڈار کی رپورٹ میں ایک ٹوئٹر صارف کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا۔

لیک تفصیلات کے مطابق میٹ 30 پرو میں 6.6 یا 6.8 انچ امولیڈ واٹر وال ڈسپلے دیا جائے گا جو کہ فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن سے لیس ہوگا حالانکہ گزشتہ برس میٹ 20 پرو میں اس سے بہتر کیو ایچ ڈی پلس اسکرین دی گئی تھی۔

اس کے علاوہ میٹ 30 پرو میں 8 سے 12 جی بی ریم اور 512 جی بی تک اسٹوریج دی جائے گی جبکہ 4500 ایم اے ایچ بیٹری کے لیے 40 واٹ سپر چارج اور 27 واٹ سپر وائرلیس چارج سپورٹ موجود ہوگی۔

یہ بات پہلے ہی سامنے آچکی ہے کہ ہواوے میٹ 30 پرو کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا، جس میں 40 میگا پکسل کا مین سنسر، 40 میگا پکسل وائیڈ اینگل لینس، 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس اور ٹائم آف فلائٹ (ٹی او ایف) کیمرا سنسر شامل ہیں۔

اس کے فرنٹ پر بھی 2 کیمروں کی موجودگی کا امکان ہے جن میں ایک 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا جبکہ ایک ٹی او ایف کیمرا۔

حیران کن طور پر لیک کے مطابق میٹ 30 پرو میں اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ہواوے کے اپنے ای ایم یو آئی 10 سے کیا جائے گا مگر گوگل ایپس نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب چین کی سوشل میڈیا ویب سائٹ ویبو پر میٹ 30 (میٹ پرو نہیں) کے باکس کی تصویر بھی لیک ہوگئی ہے جن کے مطابق اس فون میں 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہوگی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا تھا کہ جرمن شہر میونخ میں 19 ستمبر کو میٹ 30 سیریز کے فونز متعارف کرائے جارہے ہیں۔

اس حوالے سے کمپنی نے ایک مختصر ویڈیو ٹوئٹ کی جس میں میٹ 30 اور میٹ 30 پرو کے کیمرا سسٹم پر زور دیا گیا ہے، جو اس لیے حیران کن نہیں کیونکہ گزشتہ سال کے میٹ 20 کو اس کے بہترین کیمرا سسٹم کے باعث ہی سراہا گیا تھا۔

مگر ٹوئٹ میں ایونٹ کی ٹیگ لائن 'ری تھنک پاسبلٹیز' سے عندیہ ملتا ہے کہ اس بار ہواوے کے فلیگ شپ فونز گوگل کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے اہم پہلوﺅں کو استعمال کرنے سے قاصر ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024