محمد عامر نے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کر لی

شائع October 4, 2019 اپ ڈیٹ October 8, 2019
محمد عامر کی ریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے — فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر کی ریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے — فوٹو: اے ایف پی

قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سری لنکا کے تیسرے ون ڈے میچ میں عمدہ باؤلنگ کی بدولت ون ڈے کرکٹ میں کیرئیر کی بہترین ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کراچی میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں متعدد پاکستانی کھلاڑیوں کی ترقی ہوئی ہے۔

سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں شاندار باؤلنگ کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی رینکنگ میں 6 درجہ ترقی ہوئی اور وہ کیریئر کی بہترین 7ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

دوسرے ون ڈے کے مین آف دی میچ عثمان شنواری بھی شاندار باؤلنگ کی بدولت 28 درجہ ترقی کے بعد 43 نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

بلے بازوں میں فخر زمان دو درجہ ترقی کے بعد 16ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ حارث سہیل کی رینکنگ میں 3 درجہ ترقی ہوئی اور وہ 32ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

بلے بازوں کی رینکنگ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی پہلے، ان کے ہم وطن اوپننگ بلے باز روہت شرما دوسرے اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے بابر اعظم بدستور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

ٹیم رینکنگ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی اور ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024