• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:57am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:23am Sunrise 6:51am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:57am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:23am Sunrise 6:51am

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا

شائع October 5, 2019
میچ کے لیے ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد کی گزرگاہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
میچ کے لیے ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد کی گزرگاہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

بین الاقوامی کرکٹ کے اس مختصر ترین فارمیٹ کے لیے دونوں ٹیمیں متوازن ہیں جبکہ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ ہونے اور تجربے میں کچھ برتری حاصل ہے۔

دوسری جانب میچ کے لیے اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد کی گزرگاہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے۔

شائقین اپنے اسٹارز کی ایک مرتبہ پھر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں عمدہ پرفامنسز دیکھنے کے لیے بے چین ہیں جبکہ ان میں اسٹیڈیم پہنچنے کے لیے انتہائی جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں: دورہ پاکستان یادگار رہا، ٹیموں کو پاکستان آنے کا مشورہ دوں گا، سری لنکن کپتان

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 0-2 سے با آسانی شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت گرین شرٹس نے 67 رنز سے شکست دے دی تھی۔

تیسرے میچ میں سری لنکا کے بیٹسمین نے واپسی کی اور پاکستان کو 298 رنز کا ہدف دیا تاہم 5 وکٹوں پر اس ہدف کو عبور کرکے قومی ٹیم نے یہ میچ بھی اپنے نام کرلیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں عمر اکمل اور احمد شہزاد جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے جبکہ دونوں ہی ٹیم میں اپنی مستقل جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست، سیریز بھی جیت لی

دوسری جانب سیریز سے قبل پریس کانفرنس کے دوران کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ وہ سری لنکا کی اس ناتجربہ کار ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آسان حریف نہیں لیں گے اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

خیال رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان کو صرف ایک ہی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رواں برس کے آغاز میں جنوبی افریقہ نے مسائل کی شکار پاکستانی ٹیم کو 3 میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست دے دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024