سابق کرکٹر سلوروُڈ انگلینڈ کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
انگلینڈ نے سابق کوچ ٹریور بیلس کی جگہ کرس سلور وُڈ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
44سالہ سلور وُڈ انگلینڈ کو ورلڈ چیمپیئن بنوانے والے سابق کوچ ٹریور بیلس کے دور میں فاسٹ باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ذمے داریاں انجام دے رہے تھے۔
اس عہدے کے لیے سابق کپتان ایلک اسٹیورٹ اور بھارت کو ورلڈ چیمپیئن بنوانے والے گیری کرسٹن کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا اور اس سلسلے میں کرسٹن کا انٹرویو بھی کیا گیا تھا۔
تاہم گزشتہ ہفتے اسٹیورٹ اس عہدے کی دوڑ سے دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد سلوروُڈ کا نام مضبوط امیدوار کے طور پر ابھر سامنے آیا تھا۔
سلوروُڈ موجودہ نظام کے بارے میں اپنی معلومات اور عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلش کرکٹ بورڈ کے سلیکشن پینل کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے۔
انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ایشلے جائلز نے کہا کہ سلوروُڈ سب سے بہترین امیدوار تھے، میرا ماننا ہے کہ ہمیں اپنی انٹرنیشنل ٹیم کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے اور ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتانوں سے ان کی ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ موجودہ اسٹرکچر اور نظام کے بارے میں معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا انتخاب کیا گیا۔
جائلز نے کہا کہ سلور وُڈ نے بحیثیت اسسٹنٹ کوچ بہترین انداز میں ذمے داریاں انجام دیں اور کھلاڑی ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔ سلور وُڈ کا بطور ہیڈ کوچ پہلا امتحان انگلینڈ کا دورہ نیوزی لینڈ ہو گا جہاں انگلش ٹیم دو ٹیسٹ اور پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
سلوروُڈ انگلینڈ کے لیے 1996 سے 2002 کے دوران چھ ٹیسٹ اور 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 577 وکٹیں حاصل کیں۔