• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بھارت کی جنوبی افریقہ کیخلاف سب سے بڑی فتح، سیریز میں کلین سوئپ

شائع October 22, 2019
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کے بعد بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کے بعد بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے بلے بازوں کے بعد باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 202 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔

رانچی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارت نے روہت شرما کی ڈبل سنچری کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹوں کے نقصان پر 497 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

سیریز میں مسلسل مسائل سے دوچار جنوبی افریقی بیٹنگ لائن نے بڑے اسکور کے سامنے ایک مرتبہ پھر گھٹنے ٹیک دیے اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دوسری اننگز میں صورتحال اس سے بھی زیادہ ابتر رہی اور فالو آن کا شکار ہونے کے بعد میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقی ٹیم 132 رنز پر 8 وکٹیں گنوا چکی تھی اور بھارت کو فتح کے لیے صرف دو وکٹیں درکار تھیں۔

منگل کو میچ کے چوتھے دن بھارت کو فتح کے لیے زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑا اور محض 12 گیندوں کے کھیل کے بعد ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

دن کے دوسرے ہی اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند پر شہباز ندیم نے 30 رنز بنانے والے تھیونس ڈی برون اور پھر لنگی نگیدی کو پویلین چلتا کردیا اور بھارت نے جنوبی افریقہ کو اننگز اور 202 رنز سے شکست دے کر پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی فتح حاصل کر لی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں لگاتار پانچویں فتح حاصل کر لی۔

ڈبل سنچری بنانے والے روہت شرما کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر تین ٹیسٹ میچوں کی محض 4اننگز میں 529 رنز بنانے پر انہیں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024