• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کچھ افراد کے بال جوانی میں سفید کیوں ہوجاتے ہیں؟

شائع January 23, 2020
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

کم عمری میں لوگوں کے بال سفید کیوں ہوتے ہیں؟

یہ وہ سوال ہے جس کا جواب ہارورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر یا چیا ہسو نے جاننے کی کوشش کی اور اس کا آغاز ایک اہم ترین عنصر تناﺅ سے کیا۔

اور اب پہلی بار سائنسدانوں نے تصدیق کی ہے کہ ذہنی تناﺅ واقعی لوگوں کے بال قبل از وقت سفید کرسکتا ہے۔

سائنسدانوں نے حیاتیاتی وجہ دریافت کی جس سے وضاحت ہوتی ہے کہ تناﺅ سے آخر بالوں کی سیاہ رنگت کیوں ختم ہوجاتی ہے۔

جریدے جرنل میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ عمل سیمپیتھک اعصابی نظام سے شروع ہوتا ہے جو اہم جسمانی افعال جیسے دل کی دھڑکن، سانس، غذا کو ہضم کرنے اور جراثیموں سے لڑنے وغیرہ میں مدد دیتا ہے۔

یہ اعصابی نظام تناﺅ کے ردعمل سے بھی منسلک ہے اور اس لیے یہ زیادہ حیران کن نہیں کہ وہ بالوں کو سفید کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔

تاہم تناﺅ پر یہ اعصابی نظام اس وقت ہی متحرک ہوتا ہے جب دیگر جسمانی نظام سست یا ناکام ہوجاتے ہیں یعنی جسم کے آخری ہتھیاروں میں سے ایک سمجھ لیں اور انتہائی ایمرجنسی میں ہی جسم اسے متحرک کرتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ محققین نے اس پر سب سے پہلے توجہ مرکوز کی، ان کا خیال تھا کہ اگر تناﺅ بالوں کو سفید کرتا ہے تو یہ کام ممکنہ طور پر مدافعتی نظام سے ہوتا ہوگا جو ایسے خلیات خارج کرسکتا ہے جو بالوں کی جڑوں میں رنگ بنانے والے خلیات پر حملہ آور ہوتے ہیں یا ہارمونز جیسے کورٹیسول کا اخراج ایڈرینل گلینڈز میں کرتا ہوگا جسے اسٹریس ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔

مگر سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ ایسا ہوتا ہی نہیں۔

انہوں نے چوہوں میں ایسے مرکب کو جسم میں داخل کیا جو تناﺅ کا باعث بننے والے ہارمون کی سطح میں اضافہ کرتا ہے اور انہوں نے دریافت کیا کہ مدافعتی خلیات سے محروم اور ایڈرینل گلینڈز سے محروم چوہوں کے بال بھی قبل از وقت سفید ہوگئے۔

اس کے بعد سائنسدانوں نے سیمپیتھک اعصابی نظام پر توجہ دی اور دریافت کیا کہ اس سے ایسے خلیات کو نقصان پہنچتا ہے جو بالوں کی رنگت کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ جان کر حقیقی معنوں میں حیران رہ گئے، کیونکہ ہم بالوں کی قبل از سفیدی بننے والی وجہوات میں سیمپیتھک اعصابی نظام کو سب سے آخر میں سمجھتے تھے، ہم جانتے تھے کہ یہ تناﺅ کے نتیجے میں متحرک ہوتا ہے مگر ہم اسے ایمرجنسی نظام سمجھتے تھے، اور مسئلے کے حل کے بعد ریورس ایبل سمجھا جاتا تھا، مگر ہم نے دریافت کیا کہ اس کے نتیجے میں خلیات کی آبادی کو ہمیشہ کے لیے نقصان پہنچ جاتا ہے۔

درحقیقت تحقیق میں سائنسدان یہ جان کر حیران رہ گئے کہ یہ اعصابی نظام عام ذہنی تناﺅ کی صورت میں بھی متحرک ہوکر norepinephrine کیمیکل بناتا ہے جو مسلز کے کھچاﺅ کا باعث بنتا ہے۔

اس کیمیکل کے ردعمل میں بالوں کی جڑوں میں موجود خلیات پر اثرات مرتب ہوتے ہیں جو نئے بالوں کی نشوونما میں مدد دیتے ہیں اور بتدریج بالوں کی رنگت خشک ہونے لگتی ہے اور خلیات نیا رنگ بنانا چھوڑ دیتے ہیں، جس کے بعد بالوں کی رنگت سفید ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

محققین کو توقع ہے کہ تحقیق کے نتائج سے مستقبل قریب میں بالوں کے ان خلیات کے تحفظ یا اعصابی نظام کے ردعمل کو کنٹرول کرنے کا طریقہ کار تشکیل دیا جاسکے گا، تاہم فی الحال ایسا کوئی علاج موجود نہیں جو یہ کام کرسکے۔

تاہم ایک آسان حل ذہنی تناؤ کو کنٹرول میں رکھنا ہوسکتا ہے جس کے لیے آپ ڈاکٹر سے مدد لے سکتے ہیں یا طرز زندگی میں چند تبدیلیوں سے بھی ایسا ممکن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024