شیاؤمی کا نیا فلیگ شپ فون 13 فروری کو متعارف ہوگا
شیاﺅمی نے اپنے نئے فلیگ شپ فون می 10 کو چین میں 13 فروری اور عالمی سطح پر 23 فروری کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے چین میں فون کو پیش کرنے کا اعلان سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر کیا گیا جبکہ عالمی سطح پر متعارف کرانے کی تاریخ کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا گیا۔
شیاﺅمی کی جانب سے 2 فونز پیش کیے جائیں گے جن میں سے ایک می 10 اور دوسرا می 10 پرو ہوگا۔
کمپنی کی جانب اسے اس کا ڈیزائن بھی جاری کیا گیا ہے جن سے عندیہ ملتا ہے کہ سیلفی کیمرے کے لیے ہول پنچ کٹ آﺅٹ ڈیزائن کو اپنایا گیا ہے جبکہ خم اسکرین ایجز دیئے گئے ہیں۔
فون کے بیک پر 4 کیمرے ہیں جن میں سے ایک 108 میگا پکسل کیمرا ہے۔
خیال رہے کہ شیاﺅمی نے دنیا کا پہلا 108 میگا پکسل کیمرا کمرشل فون می سی سی 9 پرو (چین سے باہر اسے می نوٹ 10کا نام دیا گیا تھا)کی شکل میں متعارف کرایا تھا۔
شیاﺅمی کی جانب سے یہ بیان پہلے ہی سامنے آچکا ہے کہ می 10 میں کوالکوم کے نئے اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر کو استعمال کیا جائے گا۔
ایک لیک کے مطابق می 10 پرو میں 66 واٹس فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی جائے گی اور اس طرح یہ فون اوپو رینو ایس کی 65 واٹ چارجنگ اسپیڈ کو شکست دیدے گا۔
ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ اس سیریز کے فونز میں 16 جی بی ریم اور یو ایف ایس 3.0 اسٹوریج دی جاسکتی ہے جبکہ وائی فائی 6 اسٹینڈرڈ کو سپورٹ بھی موجود ہوگی۔
اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ شیاؤمی کے فونز سام سنگ فونز کے مقابلے میں سستے ہوتے ہیں اور اسے اس وقت متعارف کرایا جارہا ہے جب 11 فروری کو سام سنگ کے گلیکسی ایس سیریز کے فونز پیش کیے جارہے ہیں۔