• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

پشاور زلمی کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، ہاشم آملا

شائع February 19, 2020 اپ ڈیٹ February 20, 2020
ہاشم آملا پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور ہیں— اسکرین شاٹ
ہاشم آملا پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور ہیں— اسکرین شاٹ

پشاور زلمی کی ٹیم کے بیٹنگ مینٹور اور سابق مایہ ناز کرکٹر ہاشم آملا نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لیے زلمی کا حصہ بننے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے ٹیم کی بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کردیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ مینٹور ہاشم آملا سے گفتگو کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں آ کر کھیلنے کے تجربے سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کیلئے 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان

انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے اور پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، مجھ سے چند ہفتے قبل دستیابی کے بارے میں پوچھا گیا تھا اور میں یہاں آ کر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

آملا نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے چند سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے اور اس تجربے کو نوجوانوں تک منتقل کرنا ہی سب سے اہم چیز ہے، میں بیٹنگ سمیت دنیا بھر میں کرکٹ کے بارے میں بات کر کے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ نوجوانوں کے ساتھ اچھا وقت گزرے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال قبل ورلڈ الیون کی ٹیم کے ہمراہ پاکستان آیا تھا اور ہم پاکستان کے ساتھ ٹی20 سیریز کھیلی تھی، دو سال بعد واپس آیا ہوں تو یہاں چیزیں مزید بہتر ہو رہی ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں 18 ہزار سے زائد رنز بنانے والے بلے باز نے پاکستان کو کھیلوں کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں کوئی مسئلہ نہیں اور یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں پیشرفت ہو رہی ہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو یہاں کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت خوش آئند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی، جہانگیر خان نیشنل اسٹیڈیم میں ٹرافی لائیں گے

ویڈیو میں سابق جنوبی افریقی کپتان سے ان کے کیریئر کے حوالے سے چند دلچسپ سوالات بھی پوچھے گئے جس میں انہوں نے کور ڈرائیو کو اپنا پسندیدہ شاٹ قرار دیا۔

آملا نے ایک سوال کے جواب میں اوول میں کی گئی ٹرپل سنچری اور پرتھ میں کی گئی سنچری دونوں کو پسندیدہ اننگز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پسندیدہ بلے باز برائن لارا اور اسٹیو وا ہیں۔

سابق مایہ ناز بلے باز نے مرلی دھرن کو بہترین اسپنر قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں شان ٹیت سے تیز باؤلر کا سامنا نہیں کیا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024