• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm

امریکا میں کسی نامعلوم ذریعے سے کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق

شائع February 28, 2020
نئے نوول کورونا وائرس کا یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ اینڈمنسٹریشن کا تیار کردہ خاکہ — اے ایف پی فوٹو
نئے نوول کورونا وائرس کا یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ اینڈمنسٹریشن کا تیار کردہ خاکہ — اے ایف پی فوٹو

نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے بارے میں اب تک معلوم ہوچکا ہے کہ 80 فیصد کیسز میں اس کی علامات معتدل ہوتی ہیں اور 98 فیصد مریضوں کی صحت یابی کا امکان ہوتا ہے۔

تاہم اب تک طبی ماہرین یہ بات مکمل یقین سے کہنے سے قاصر ہیں کہ یہ وائرس انسانوں میں کس طرح منتقل ہوتا ہے، یہ تو معلوم ہے کہ بیمار فرد کے کھانسنے یا چھینکنے سے خارج ہونے والے ننھے ذرات صحت مند افراد میں داخل ہوکر انہیں بیمار کرسکتے ہیں، جبکہ یہ پہلے ممکنہ طور پر چمگادڑ سے کسی ممالیہ جانور (پینگولین کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے) سے انسانوں میں منتقل ہوا اور پھر ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتا رہا۔

مگر اب بھی امکان ہے کہ اس وائرس سے متاثر ہونے کے دیگر ذرائع بھی ہوں، کم از کم امریکا میں نئے کورونا وائرس کا ایسا کیس سامنے آیا ہے جس نے طبی ماہرین کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔

ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے اس مریض میں یہ وائرس کیسے آیا، اس بارے میں ماہرین اب تک کچھ نہیں جان سکے کیونکہ وہ شخص نہ تو چین یا اس وائرس سے متاثرہ کسی ملک یا شہر میں گیا اور نہ ہی اس نے کسی اور مریض سے ملاقات کی۔

امریکی محکمے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن نے بدھ کی رات اس بات کا اعلان کیا تھا اور کیس کی وجہ معلوم نہ ہونے پر نئی ٹیسٹنگ گائیڈنس کا اجرا کیا۔

سی این این کے مطابق اس مریض کی حالت کافی خراب ہے جس کی تصدیق ایک مقامی ریپبلکن رکن نے کی۔

اس وائرس کے پھیلاﺅ کے آغاز میں سی ڈی سی نے امریکا میں ڈاکٹروں کو ہدایت کی تھی وہ مریض سے چین کی سفری تاریخ یا وائرس سے متاثرہ فرد سے رابطے کی معلومات حاصل کریں۔

مگر اس نئے مریض کے باعث اب ہدایات میں تبدیلی گئی ہے اور مریض کو شمالی کیلیفورنیا کے ہسپتال میں اس وقت منتقل کردیا گیا ہے جب سی ڈی سی نے اسے کووڈ 19 کے طے کردہ معیار کے مطابق فٹ قرار نہیں دیا، اور ٹیسٹ نہیں کیا، مگر ڈاکٹروں کی جانب سے ٹیسٹ پر اصرار کیے جانے پر اس شخص کو اتوار کو ٹیسٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔

سی ڈی سی کے مطابق اب یہ کسی نامعلوم ذریعے سے متاثر ہونے والا پہلا امریکی کیس ہے اور اسے وائرس کا 'کمیونٹی اسپریڈ' کیس قرار دیا جارہا ہے، یہ اصطلاح ایسے ذریعے کے لیے استعمال ہوتی ہے جب انفیکشن کی وجہ نامعلوم ہو۔

سی ڈی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ کے مطابق 'جیس ہی کیس کی تصدیق ہوئی، ہم نے وائرس کے حوالے سے تعین کے عمل پر نظرثانی کی، اب اس حوالے سے ہم نئی ہدایات ویب سائٹ پر جاری کررہے ہیں، جس میں مشتبہ کیسز کے ٹیسٹ کے بارے میں بتایا جائے گا'۔

طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ اس کیس کی پراسرار نوعیت بہت اہم ہے کیونکہ اس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ وائرس کمیونٹی میں موجود ہے اور اس کا مطلب ہے کہ ہر ایک خطرے کی زد میں ہے، ہم نہیں جاتنے کہ کون اس وائرس کو لے کر گھوم رہا ہے اور یہ بھی نہیں جانتے کہ کون اس کا شکار ہوسکتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی کیلیفورنا کے رہائشی میں اس وائرس کو منتقل کیا، وہ دیگر افراد کو بھی اس کا شکار کرسکتا ہے۔

ان کے بقول 'چونکہ یہ وائرس نیا ہے، تو ہم میں سے کسی میں بھی اس کے خلاف مدافعت موجود نہیں، تو جس کا بھی اس سے سامنا ہوگا، اس میں انفیکشن کا خطرہ بہت زیادہ ہے'۔

اب امریکی طبی حکام اس مریض سے ملنے جلنے والوں میں اس وائرس کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور چین سمیت دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں 83 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 2867 ہلاکتیں ہوئی ہیں، مگر 36 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

M. Saeed Feb 28, 2020 10:53pm
If someone brought US Dollars from China and used the money in the US, it could have the virus contamination that could spread with contact to others, without any clue for its source of contamination. There could be many other such indirect infection transfer sources.

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024