• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع March 1, 2020
کولن انگرام کا کیچ لینے پر چیڈوک والٹن خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کولن انگرام کا کیچ لینے پر چیڈوک والٹن خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کراچی کنگز نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2020 کے 14 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 184 رنز کو باآسانی 19 ویں اوور میں حاصل کرکے 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیوک رونکی اور کپتان شاداب خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو فتح کے لیے 184رنز کا ہدف دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو کولن منرو صرف ایک رن بنانے کے بعد محمد عامر کی وکٹ بن گئے۔

نوجوان رضوان حسین نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے لیوک رونکی کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی، انہیں اس دوران ایک موقع بھی ملا لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور عمر خان کی جانب سے لیگ میں کرائے گئے پہلے ہی اوور میں انہیں وکٹ دے بیٹھے۔

کولن انگرام نے بھی چھکا اور چوکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن عماد وسیم کے سامنے ان کی ایک نہ چلی اور وہ بھی 16رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

77رنز پر 3وکٹیں گرنے کے بعد رونکی کا ساتھ دینے کپتان شاداب خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری 10اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں نے ناقابل شکست 106رنز کا اضافہ کیا جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اسکور بورڈ پر تین وکٹوں کے نقصان پر 183رنز کا مجموعہ سجانے میں کامیاب رہی۔

یونائیٹڈ کے کپتان شاداب نے چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رونکی نے 58گیندوں پر دو چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 85رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پہلی وکٹ بابراعظم کی گری جو صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شرجیل خان نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور محض 5 اوورز میں اسکور کو 58 رنز تک پہنچایا اور اس دوران انہوں نے ڈیل اسٹین جیسے مشہور باؤلرز کو بلند و بالا چھکے بھی لگائے۔

شرجیل خان 58 کے مجموعے پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے الیکس ہیلز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔

الیکس ہیلز اور شرجیل خان نے شراکت میں ٹیم کے اسکور کو برق رفتاری سے 58 رنز تک پہنچایا۔

کراچی کنگز کے کیمرون ڈیل پورٹ آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جو 38 رنز کی خوب صورت اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جنہیں ڈیل اسٹین نے آؤٹ کیا جس کے بعد الیکس ہیلز بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور نصف سنچری مکمل ہوتے ہی آؤٹ ہوگئے۔

الیکس ہیلز 52 رنز بنا کر احمد صفی عبداللہ کو وکٹ دے بیٹھے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے فیلڈرز نے اپنی ٹیم کو جلد ہی ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے افتخار احمد کو رن آؤٹ کردیا۔

افتخار احمد صرف ایک رن بنا سکے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 19 ویں اور کی ابتدائی دو گیندوں میں باؤنڈری حاصل کرکے 14 رنز کا حصول نہایت آسان بنادیا اور تیسری گیند پر ایک رن حاصل کیا جس کے بعد چیڈ وک والٹن نے ہدف کو عبور کرنے کے لیے چوکا لگایا۔

کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 187رنز کر حاصل کرلیا۔

عماد وسیم نے ناقابل شکست 32 اور چیڈوک والٹن نے 23 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیل اسٹین اور رمان رئیس نے ایک،ایک وکٹ حاصل کیں

الیکس ہیلز کو شان دار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

اس سے قبل میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس کر وکٹ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے وکٹ پر ہلکی سی نمی ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے اور ہم اس پر 180-190رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔

کراچی کنگز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈیل اسٹین اور رضوان حسین کو فائنل الیون کا حصہ بنایا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، لیوک رونکی، کولن منرو، رضوان حسین، کولن انگرام، آصف علی، فہیم اشرف، احمد صفی عبداللہ، روما رئیس، محمد موسیٰ اور ڈیل اسٹین

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم، ایلکس ہیلز، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، چیڈوک والٹن، افتخار احمد، عماد وسیم، عمید آصف، کرس جورڈن، محمد عامر اور عمر خان

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024