• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

امیر ترین چینی کا امریکا کو 10 لاکھ ماسک اور 5 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس دینے کا اعلان

شائع March 13, 2020 اپ ڈیٹ March 14, 2020
جیک ما — رائٹرز فائل فوٹو
جیک ما — رائٹرز فائل فوٹو

چین کے امیر ترین شخص اور ای کامرس کمپنی علی بابا کے ریٹائر چیئرمین جیک ما نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا سامنا کرنے والے ملک امریکا کے لیے امداد فراہم کرنے کااعلان کیا ہے۔

علی بابا کے شریک بانی نے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو نے جمعے کو کہا کہ وہ امریکا کے لیے 10 لاکھ میڈیکل ماسک اور 5 لاکھ کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس فراہم کریں گے۔

یہ ماسکس اور کٹس جیک ما فاﺅنڈیشن کے ذریعے فراہم کی جائیں گی جس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں جیک ما کا باضابطہ بیان بھی جاری کیا گیا۔

ٹوئٹ کے کیپشن میں کہا گیا 'ہم 5 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس اور 10 لاکھ ماسک عطیہ کررہے ہیں، ہم اس مشکل وقت میں امریکی شہریوں کے ساتھ ہیں'۔

جیک ما کے بیان میں لکھا تھا 'اپنے ملک کے تجربے کے پیش نظر میں کہا سکتا ہوں کہ برق رفتار اور درست ٹیسٹنگ، طبی عملے کے تحفظ کے لیے آلات اس وائرس کی روک تھام کے لیے سب سے موثر ہیں'۔

ان کا کہنا تھا 'توقع ہے کہ ان سپلائیز سے امریکا میں کچھ لوگوں کو مدد مل سکے گی،یہ بڑی وبا انسانیت کے لیے ایک چیلنج ہے، آج یہ ایسا چیلنج نہیں جو سے کوئی ملک اکیلا نمٹ سکے، بلکہ ہر ایک کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، اس وقت ہمیں اپنے وسائل بغیر کسی قیاس کے شیئر کرنے چاہیے اور وبا کی روک تھام کے تجربے اور اسباق کا تبادلہ کرنا چاہیے تاکہ اس سانحے کو شکست دینے کا موقع مل سکے'۔

انہوں نے بیان ان الفاظ پر ختم کیا 'متحد ہوکر ہم کھڑے رہ سکتے ہیں، تقسیم ہوئے تو گرجائیں گے'۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب چینی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ عین ممکن ہے کہ مذکورہ وائرس کو امریکی فوج چین کے شہر ’ووہان‘ لے کر آئی تھی۔

اس سے قبل جیک ما کی جانب سے یورپ میں بھی 18 لاکھ میڈیکل ماسک اور ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس بھیجنے کا اعلان ویبو پر کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا کو اس وقت مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹوں میں سست رفتاری کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

درحقیقت چین اور جنوبی کوریا سمیت کئی ممالک کے مقابلے میں امریکا میں ٹیسٹنگ کا عمل بہت پیچھے ہے اور اسی مشکل کو مدنظر رکھ کر جیک ما کی جانب سے ٹیسٹنگ کٹس فراہن کی جارہی ہیں۔

جہاں تک میڈیکل ماسکس کا تعلق ہے تو لوگوں میں خوف کی وجہ سے امریکا میں مختلف اشیا جیسے ماسک کی قلت ہوگئی ہے اور طبی عملے کے لیے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ جیک ما 42.7 ارب ڈالرز کے ساتھ اس وقت چین بلکہ ایشیا کے امیر ترین شخص ہیں اور کورونا وائرس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹوں اور دنیا بھر میں معیشتوں کو پہنچنے والے دھچکے نے بھارت کے مکیش امبانی کو پیچھے کردیا ہے۔

مکیش امبانی کو 9 مارچ کو اسٹاک مارکیٹوں کے کریش ہونے اور تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے نتیجے میں 5.8 ارب ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 2 سال بعد جیک ما ایک بار پھر ایشیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا جو اب تک 114 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے اب تک ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 69 ہزار سے زیادہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024