• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی: پولیس نے سنیٹائزرز مہنگے داموں بیچنے والے دکانداروں کو گرفتار کرلیا

شائع March 16, 2020
پولیس نے دکان داروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرادی—فائل/فوٹو:اے ایف پی
پولیس نے دکان داروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرادی—فائل/فوٹو:اے ایف پی

کراچی پولیس نے کورونا وائرس کے کیسز میں اچانک اضافے کے بعد سنیٹائزرز سمیت دیگر متعلقہ اشیا مہنگے داموں بیچنے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے کم ازکم دو دکان داروں کو گرفتار کرلیا۔

طبی ماہرین کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کے طور پر ہاتھوں کو جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے سنیٹائزرز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ صفائی کو یقینی بنائے جاسکے۔

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے ہی دفعہ 144 نافذ کردیا تھا تاکہ اس حوالے سے اشیا کو مہنگے داموں بیچنے والے افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے سزا دی جاسکے۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید کیسز کی تصدیق، تعداد 53 ہوگئی

بوٹ بیسن پولیس نے کراچی کے علاقے کلفٹں میں ڈولمن مال میں ایک فارمیسی پر چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر سنیٹائزر کو مارکیٹ میں رائج قیمت کے برخلاف مہنگا بیچنے پر دو دکان داروں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کی جانب سے درج کی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق 120 روپے کے سنیٹائزرز کو مذکورہ دکان دار 500 روپے میں فروخت کررہے تھے۔

دکان داروں کے خلاف تعزیرات پاکستان کے آرٹیکل 188 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

بوٹ بیسن پولیس کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) پیر شبیر نے کہا کہ فارمیسی کے مالک کے خلاف تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس مزید تفتیش کرکے گی۔

دوسرا چھاپہ درخشاں پولیس نے ڈیفنس فیز 6 میں مارا جہاں ایک دکان دار کو اسی طرح کی شکایت پر گرفتار کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو ایک مہنگے داموں بیچنے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کے بارے میں وہ انکشافات اور تفصیلات جنہیں جاننا بہت ضروری ہے

خیال رہے کہ سندھ میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد اب تک سندھ میں کیسز کی مجموعی تعداد 35 ہوگئی ہے جبکہ پورے پاکستان میں 53 متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے دسمبر 2019 میں شروع ہونے والا نیا کووڈ-19 کورونا وائرس اب تک دنیا کے تقریبا 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

چین کے بعد کورونا وائرس نے ابتدائی طور پر جنوبی کوریا اور ایران جیسے ممالک کو متاثر کیا اور وہاں مختصر عرصے میں مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی مگر پھر کورونا وائرس نے اپنی رفتار مزید بڑھائی اور یورپ کے ساتھ ساتھ امریکا کو اپنا نیا مرکز بنایا۔

کورونا وائرس کے مریضوں میں محض آخری 2 دن میں ہی 30 ہزار سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور سب سے زیادہ اضافہ یورپ میں دیکھا گیا، جہاں صرف اسپین میں ہی ایک دن میں 1500 کیسز ریکارڈ کیے گیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024