• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

دنیا کے 180 ممالک میں پھیلے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز

شائع March 20, 2020
وائرس سے عالمی سطح پر متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 602 ہوگئی، جن میں سے 86 ہزار 33  افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں — فوٹو: اے پی
وائرس سے عالمی سطح پر متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 602 ہوگئی، جن میں سے 86 ہزار 33 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں — فوٹو: اے پی

کورونا وائرس دنیا کے 180 ممالک میں پھیل گیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 32 تک پہنچ چکی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 602 سے تجاوز کرچکی ہے۔

وائرس کے خوف سے دنیا بھر میں کئی شہروں کو لاک ڈاؤن بھی کردیا گیا ہے۔

جہاں کورونا وائرس سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں اب تک 86 ہزار 33 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

چین

چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے جہاں دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے وہیں چین میں اس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور مسلسل دو روز سے وائرس کے مرکز چین کے شہر ووہان سے ایک بھی مقامی کیس کا نہ آنا اس بات ثبوت ہے۔

تاہم دوسری جانب اب چین کو بیرون ملک سے آنے والے وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافے کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: اٹلی میں چین سے زیادہ اموات، کورونا وائرس سے 3ہزار 245 افراد ہلاک

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چینی ہیلتھ کمیشن کا کہنا تھا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 228 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے تمام بیرون ملک سے آنے والے افراد شامل ہیں۔

چین میں اب تک کورونا وائرس کے 81 ہزار 250 کیسز سامنے آئے جن میں سے 3 ہزار 253 افراد ہلاک اور 71 ہزار 266 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اٹلی

چین کے بعد اٹلی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں وائرس سے 3 ہزار 4 سو 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 41 ہزار 35 افراد متاثر ہیں۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چین سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ ملک میں اب تک وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 440 ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد حکومت نے اقدامات کرتے ہوئے ملک کے بیشتر حصے کو لاک ڈاؤن کردیا تھا۔

ایران

اٹلی کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں تیسرا نمبر ایران کا ہے جہاں آج نئے پارسی سال کی خوشیاں منائی جارہی ہیں وہیں لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے خوف میں بھی مبتلا ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے سال نو روز کے موقع پر ایرانی عوام سے بہتر معیشت کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کورونا وائرس کو متحد ہوکر، محنت سے اور ایک دوسرے کے تعاون سے پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھیں گے‘۔

ایران میں عالمی وبا سے 18 ہزار 77 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں ایک ہزار 284 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ 5 ہزار 979 صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

جرمنی

جرمن چانسلر اینجیلا مارکل نے جرمنی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے سبب لاک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جرمن چانسلر نے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم رواں ہفتے کے اختتام پر اپنی عوام کا رد عمل دیکھیں گے اور ہفتے کا روز فیصلے کا دن ہوگا‘۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کا بدترین دن

واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلی وبا سے متاثر ہونے والے ممالک میں جرمنی کا نمبر پانچواں ہے جہاں اب تک 16 ہزار 290 افراد متاثر اور 44 ہلاک اور 115 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

امریکا

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 205 افراد ہلاک اور 14 ہزار 250 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیا کی 56 فیصد آبادی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ اس ریاست کے شہر لاس اینجلس میں شاپنگ مراکز، انڈور مالز اور غیر ضروری ریٹیل تجارتی سینٹر بند کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ارجنٹائن نے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد وہ جنوبی امریکا کا پہلا ملک ہے جو لاک ڈاؤن میں چلا گیا ہے۔

فرانس

فرانس کے جنوب مشرقی شہر نائس کے میئر کا کہنا ہے کہ وہ وہاں کے معروف پرومینیڈ دس اینگلیس کو بند کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میئر کرسچن ایستروسی کا کہنا تھا کہ ’میں آج سے ہی کرفیو لگانے کے فیصلے پر غور کر رہا ہوں‘۔

خیال رہے کہ اس شہر کے میئر میں خود بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ فرانس میں اب تک 10 ہزار 891 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 371 افراد ہلاک اور 12 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: یورپ میں کورونا وائرس کے مریض ایک لاکھ سے زائد

بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے جبکہ 194افراد متاثر ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی رہنماؤں سے اس مشکل گھڑی میں مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 31 دسمبر کو چینی حکام نے عالمی ادارہ صحت کو نوول کورونا وائرس کی وبا سے آگاہ کیا تھا جسے 20 فروری 2020 کو سارز کوو 2 کا نام دیا گیا جبکہ اس سے ہونے والی بیماری کو کووڈ 19 کا نام دیا گیا۔

یہ وبا چین کے شہر ووہان میں سامنے آئی تھی جس کے بعد اس نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 448 ہوچکی ہے جبکہ وائرس نے اب تک ملک میں 3 افراد کی جان بھی لے چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024