کورونا وائرس: پاکستان، مالدیپ کے مابین سارک کانفرنس بلانے پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: کورونا وائرس کے خلاف علاقائی تعاون بڑھاتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے مالدیپ کے ہم منصب سے جنوبی ایشیائی ایسوسی ایشن برائے علاقائی تعاون (سارک) کے اجلاس کی میزبانی کی خواہش ظاہر کردی۔
شاہ محمود قریشی نے مالدیپ کے وزیر خارجہ عبد اللہ شاہد کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صلح کے انسداد کورونا وائرس سے متعلق جامع علاقائی حکمت عملی تیار کرنے کے تجویز کو سراہا۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ کا کورونا سے متاثرہ ریاستوں میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا حکم
علاوہ ازیں انہوں نے وزرائے صحت سارک پر مشتمل کانفرنس کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی۔
واضح رہے کہ 15 مارچ کو سارک قائدین کی ویڈیو کانفرنس میں اس وبائی مرض کے خلاف تعاون کے امکان کو تلاش کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
علاقائی حکمت عملی اور پاکستان کی طرف سے وزرائے صحت کی سارک کانفرنس کی میزبانی کی پیش کش بھی زیر بحث آئی تھی۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور مرض کے تیزی سے پھیلاؤ کے نتیجے میں خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے اس امید کا اظہار کیا کہ مالدیپ میں سیاحت کی معطلی اور وبائی امراض سے پیدا ہونے والی دیگر سرگرمیوں کی وجہ سے جلد ہی موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پالیں گے۔
مزید پڑھیں: نئے کورونا وائرس کی 2 نئی ممکنہ علامات سامنے آگئیں
واضح رہے کہ مالدیپ کی معیشت سیاحت پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے اور رواں ماہ کے شروع میں ایک اطالوی سیاح کے ذریعہ کورونا وائرس کا انفیکشن پہنچا تھا اور اب تک ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
مالدیپ کی حکومت نے 20 مارچ سے ملک میں داخل ہونے والی تمام سفاری و مسافر بردار کشتیاں اور بحری جہازوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
مالدیپ کی حکومت نے وائرس کے لیے سارک ایمرجنسی فنڈ میں 2 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے مالدیپ کے ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان میں مالدیپ کے تمام شہری محفوظ ہیں۔
انہوں نے مالدیپ میں پھنسے 4 پاکستانی سیاحوں کے لیے مالدیپ کے وزیر خارجہ سے مدد طلب کی۔
یہ بھی پڑھیں: چینی نوجوان کا پاکستانیوں کے لیے اردو زبان میں پیغام
علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو ختم کرنے کے مطالبے پر بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران، سری لنکا اور نیپال کے وزرائے خارجہ سے بات کی تھی۔
یہ خبر 24 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی