• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ میں رکھے گئے 600افراد صحتیاب ہو گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب

شائع March 25, 2020
وزیر اعلیٰ نے ڈاکترز کے لیے خصوصی رسک الاؤنس کا اعلان کیا— اسکرین شاٹ
وزیر اعلیٰ نے ڈاکترز کے لیے خصوصی رسک الاؤنس کا اعلان کیا— اسکرین شاٹ

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ میں رکھے گئے 800افراد میں سے 600 کے ٹیسٹ کلیئر ہو گئے ہیں اور انہیں گھر روانہ کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج کابینہ کی کمیٹی کی ملاقات میں محکمہ صحت کو ہدایات دی ہیں کہ ہماری لیبارٹری کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور کٹس سمیت تمام ضروری حفاظتی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید پڑھیں: ملک میں نئے کیسز کے ساتھ کورونا متاثرین کی تعداد ہزار ہوگئی

عثمان بزدار نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان میں جن 800افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، ان میں سے 600 کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور ہماری انتظامیہ انہیں گھر واپس پہنچا کر آئے گی۔

یاد رہے کہ ڈیرہ غازی خان کی یونیورسٹی میں 780 مشتبہ افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا اور ان میں سے اکثر میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

وزیر اعلیٰ نے کورونا آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل کرنے کا بھی کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے اپنی جیل میں صورتحال کا جائزہ لیا، لاہور کی کیمپ جیل میں 100بستروں کا ہسپتال فوری طور پر بنا رہے ہیں اور تمام جیلوں میں اسکریننگ کا عمل بھی شروع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں موجود افراد کے لیے بھی محکمہ سمری بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے جس کی بدولت ساڑھے تین ہزار افراد مستفید ہوں گے اور رہا ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن کو لکھ رہے ہیں کہ وہ اپنے عملے کی خود اسکریننگ کریں یا وہ اپنے عملے فہرست فراہم کریں تاکہ پنجاب حکومت ان کی اسکریننگ کر سکے کیونکہ ان کا دیگر لوگوں سے مسلسل رابطہ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے تقریباً 19ہزار ہلاکتیں، سوا4لاکھ سے زائد افراد متاثر

عثمان بزدار نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کو بھی کہہ دہا ہے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور موجودہ صورتحال میں کسی بھی قسم کا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے جبکہ متعلقہ حکام کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ہماری فوڈ چین متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز سمیت تمام محکمہ صحت کے عملے کے لیے اسپیشل رسک الاؤنس کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر مریضوں کا علاج کرنے والے افراد کو تنخواہ کے برابر اسپیشل رسک الاؤنس بھی دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اپنے اردگرد موجودہ مستحق افراد کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے بازار حصص میں مندی برقرار، ایک مرتبہ پھر کاروبار روک دیا گیا

یاد رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مریض تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں اور ملک میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہو گئی ہے جبکہ اب تک ملک میں 7 افراد وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 413افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی 296 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں وائرس نے تباہ مچا رکھی اور اب تک تقریباً 19ہزار افراد کورونا کے مہلک وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024