• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

کورونا سے ہلاکتیں 34 ہزار کے قریب پہنچ گئیں، متاثرین 7 لاکھ سے متجاوز

شائع March 30, 2020
30 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 33 ہزار 997 ہوچکی تھیں - فائل فوٹو:اے ایف پی
30 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 33 ہزار 997 ہوچکی تھیں - فائل فوٹو:اے ایف پی

دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے 30 مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 222 ہزار سے زائد ہوچکی تھی۔

جہاں دنیا بھر میں تیزی سے کورونا کے مریض سامنے آ رہے ہیں، وہیں ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور مرنے والے افرد کی تعداد 34 ہزار کے قریب پہنچ چکی تھی۔

خیال رہے کہ دنیا کی 40 فیصد سے زائد آبادی کو کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے براہ راست اعداد و شمار دینے والے آن لائن میپ کے مطابق 30 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 33 ہزار 997 ہوچکی تھیں، جن میں سے صرف 2 ممالک اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 17 ہزار سے زائد تھی۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی شرح میں پہلے سے کمی

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی آئی۔

مزید پڑھیں: کورونا سے ہلاکتیں 31 ہزار تک جا پہنچیں، مریض 6 لاکھ 65 ہزار سے متجاوز

سول پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز اٹلی میں 756 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 10 ہزار 779 ہوگئی ہے جو دنیا بھر میں وائرس سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کا ایک تہائی حصہ ہیں۔

اٹلی میں اگرچہ اب کورونا وائرس کے نئے سامنے آنے والے مریضوں کی رفتار کچھ سست ہوچکی ہے تاہم اب بھی وہاں ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، جس وجہ سے اٹلی بھر میں خوف پھیلا ہوا ہے۔

اٹلی میں حیران کن طور پر دیگر ممالک سے زیادہ ہلاکتیں ہونے پر ماہرین صحت بھی پریشان ہیں جب کہ اٹلی کے حکام نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اب تک سامنے آنے والے کورونا کے مریض وہ ہیں جن کے شک کی بنیاد پر ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

حکام کے مطابق تاحال اٹلی میں دیگر افراد کے ٹیسٹ نہیں کیے جا رہے بلکہ ان علاقوں میں لوگوں کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جہاں سے پہلے ہی کیس سامنے آ چکے ہیں۔

اٹلی میں ہفتے کے روز اتوار سے 133 زائد، 889 ہلاکتیں ہوئی تھیں جبکہ جمعے کے روز یہ تعداد 919 تھی۔

اسپین میں ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں

جہاں اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آئی ہے وہیں اسپین میں اتوار کے روز وبا کے پھیلاؤ سے اب تک ملک میں ایک روز کی سب سے زیادہ 838 ہلاکتیں ہوئیں۔

اسپین مین اٹلی کے بعد سب سے زیادہ 6 ہزار 838 افراد ہلاک ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں ایک دن میں 5 اموات، مجموعی تعداد 17 ہوگئی

اسپین اور اٹلی دونوں نے مزید یورپی مدد کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ عالمی جنگ دوئم کے بعد سے انہیں سب سے بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسپین کے وزیر صحت نے اتوار کے روز 6 ہزار 500 نئے کیسز کا اعلان کیا جس کے بعد متاثرین کی تعداد 80 ہزار 110 ہوگئی۔

وزیر اعظم پیدرو سانشیز نے مزید سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جس میں آئندہ دو ہفتوں کے لیے مزید تمام غیر ضروری ورکرز کو گھر پر رہنے کا کہا گیا۔

30 مارچ سے 9 اپریل تک کی تازہ پابندیاں کابینہ کے اجلاس میں منظور کی گئیں۔

وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ’اس فیصلے سے ہمارے مریضوں کی تعداد میں واضح کمی ہوگی‘۔

امریکی صدر نے وائرس سے بحالی کی امیدیں توڑ دیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں معمولات زندگی کی بحالی کے لیے پیش کیے گئے اپنے ہی ٹائم ٹیبل کو ترک کرتے ہوئے کورونا وائرس سے تھفظ کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں مزید ایک مہینے کی توسیع کردی۔

ڈونلڈ ٹرمپ، جنہیں امریکا میں کاروبار زندگی جلد بحال ہونے کی اُمید تھی، نے اعلان کیا کہ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد آئندہ دو ہفتوں میں مزید بڑھے گی جبکہ ’سماجی فاصلے‘ کی ہدایات اپریل کے آخر تک برقرار رہیں گی۔

امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اچانک سے بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں صرف دو روز میں کیسز کی تعداد دگنی ہوئی۔

سینئر امریکی سائنسدان اینتھونی فاکی نے اندازہ لگایا ہے کہ کورونا وائرس سے ایک لاکھ سے 2 لاکھ کے قریب جانیں ضائع ہوسکتی ہیں جسے ڈونلڈ ٹرمپ نے ’خوفناک‘ اعداد و شمار بتایا۔

خیال رہے کہ امریکا میں اس وقت تک دنیا میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد کیسز امریکا میں سامنے آچکے ہیں جن میں سے 2 ہزار 509 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

تاریک ایام آنے والے ہیں، برطانوی وزیر اعظم

برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1200 سے تجاوز کرگئی ہیں وہیں ملک کے وزیر اعظم بورس جونسن جن میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی نے مزید تاریک ایام کے آنے کی پیش گوئی کردی۔

مزید پڑھیں: اسپین میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 832 ہلاکتیں، مجموعی تعداد 5 ہزار سے متجاوز

بورس جونسن کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ چیزیں بہتر ہونے سے قبل بدتر ہوں گی‘۔

ملک کے ڈپٹی چیف میڈیکل افسر نے خبردار کیا کہ معمولات زندگی کی بحالی میں 6 ماہ یا اس سے بھی زائد کا وقت لگ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں اب تک 19ہزار 784 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے ایک ہزار 231 ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔

فرانس میں وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ

فرانس کے صحت حکام نے اتوار کے روز 292 ہلاکتیں رپورٹ کیں جو ہفتے کے روز ہونے والی 319 ہلاکتوں سے 13 فیصد کم تھیں۔

فرانس میں کورونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 40 ہزار 723 ہوگئی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 611 ہوگئی ہے۔

ملک کے مشرقی حصے میں کورونا وائرس کے کیسز کے زیادہ ہونے پر وہاں کے ہسپتالوں میں دباؤ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے حکومت نے دو خصوصی ٹرینیں بنائی ہیں جو مشرقی علاقے کے پر ہجوم ہسپتالوں سے کورونا کے مریضوں کو مغربی ساحل کے ہسپتال منتقل کرے گی۔

چین میں ہی رہنا محفوظ ہے، حکام

ابتدائی طور پر کورونا وائرس کا مرکز رہنے والے ملک چین میں اب مقامی سطح پر کیسز کی تعداد میں نہایت کمی آئی ہے وہیں ملک میں اب معمولات زندگی بحال بھی ہورہی ہے۔

چین کے شہر ووہان جہاں سے یہ وائرس پھیلا تھا، میں واپس جانے والے مقامی افراد کی مدد کرنے والے چینی حکام ہان لی کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی طور پر ہم بہت خوف زدہ تھے اور سوچ رہے تھے بیرون ملک جانا ہی بہتر ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اب ایسا نہیں لگتا اور لگتا ہے کہ چین میں رہنا ہی محفوظ ہے‘۔

جہاں امیر ترین ممالک میں صحت کی سہولیات پر دباؤ ہے وہیں امدادی تنظیموں نے غریب ریاستوں اور شام اور یمن جیسے جنگ زدہ علاقوں میں متاثرین اور ہلاکتون کی تعداد لاکھوں میں جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد لوگ پانی اور صابن جیسی سہولت سے محروم ہیں جو وائرس کے خلاف سب سے بنیادی ہتھیار کے طور پر استعمال ہورہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024