• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اندرونِ ملک پروازوں کا محدود آپریشن بحال ہونے کا امکان

شائع May 7, 2020
عوامی مطالبے کے پیشِ نظر ملکی پروزوں کی بحالی کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا—فائل فوٹو: اے پی پی
عوامی مطالبے کے پیشِ نظر ملکی پروزوں کی بحالی کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا—فائل فوٹو: اے پی پی

راولپنڈی: وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ اندرونِ ملک پروازوں کی معطلی کی مدت جمعرات کی رات ختم ہورہی ہے جس کے بعد ڈومیسٹک پروازوں کی محدود بحالی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

وزیر ہوا بازی نے بتایا کہ اندرونِ ملک پروازوں کی بحالی پر اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں تفصیل سے گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے حکام، محکمہ صحت اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:اندرون ملک پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی میں 7 مئی تک توسیع

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ’عوامی مطالبے کے پیشِ نظر اندرونِ ملک پروازوں کی بحالی کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا لیکن اس سلسلے میں وزیراعظم حتمی فیصلہ کریں گے اور اُمید ہے کہ وہ ملک کے اندر پروازوں کو بحال کرنے کی اجازت دے دیں گے‘۔

وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے ساتھ محکمہ ہوا بازی نے ابتدائی طور پر 4 ایئرپورٹس سے ملکی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جو کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تعمیراتی صنعت، چھوٹی دکانوں اور زراعت کو پہلے ہی اپنا کاروبار بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی اور چونکہ عیدالفطر قریب ہے اس لیے ’ہم نے آج کے اجلاس میں چھوٹے تاجروں کے مسئلے پر بات کی تا کہ عید سے قبل عوام کو سہولت فراہم کی جائے‘۔

مزید پڑھیں: ملکی پروازوں کی معطلی میں 11 اپریل تک کی توسیع

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ اندرونِ ملک پروازوں کا آپریشن بحال کردیں لیکن ہماری اولین ترجیح کورونا وائرس سے لوگوں کی جانیں بچانا ہے‘۔

غلام سرور خان نے بتایا کہ اس سلسلے میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کرلیے گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان عوام کے بہترین مفاد میں فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد کووِڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بین الاقوامی اور اندرونِ ملک پروازوں کا آپریشن 30 اپریل تک معطل کیا گیا تھا۔

تاہم بعد میں پروازوں کی بندش میں توسیع کرتے ہوئے اسے 7 مئی تک بڑھا دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے بین الاقوامی پروازوں کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کردی

اس ضمن میں محکمہ ہوا بازی کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری نے کہا کہ چونکہ پروازوں کی معطلی کی مدت جمعرات کی رات اختتام پذیر ہورہی ہے چنانچہ اب وزیراعظم پر منحصر ہے کہ آپریشن کی بحالی یا معطلی میں توسیع کا فیصلہ کریں۔


یہ خبر 7 مئی 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024