• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس کےخلاف ناقص پالیسی پر اوباما کی ٹرمپ پر تنقید

شائع May 10, 2020
اوباما نے ٹرمپ کی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: اے ایف پی
اوباما نے ٹرمپ کی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے 'انتشار سے بھرپور اور تباہ کن صورتحال' قرار دیا ہے۔

سابق امریکی صدر کی انتظامیہ کے تین اہم عہدیداروں نے اوباما کی اس گفتگو کی تصدیق کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا ملازم کورونا وائرس کا شکار

انہوں نے کہا کہ کوورنا وائرس کی صورتحال سے امریکا سے جس طرح سے نمٹا گیا ہے وہ ہمیں ایک مرتبہ پھر اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے ملک کو مضبوط قیادت کی ضرورت ہوتی ہے۔

اپنی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اوباما نے اپنے ساتھیوں اور ڈیموکریٹک اراکین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات میں جو بائیڈن کو صدر منتخب ہوتے ہوئے دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور اراکین ان کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات آنے والے ہیں اور یہ بہت اہم ہیں کیونکہ ہم صرف ایک فرد یا سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں کر رہے ہوں گے بلکہ عرصے سے چل رہے ایک ایسے رجحان کا مقابلہ کریں گے جس میں خود غرضی کے ساتھ محض اپنی ذات، اپنے قبیلے کے بارے میں سوچا جاتا ہے اور تقسیم کر کے دوسروں کو دشمن تصور کیا جاتا ہے، یہ رجحان امریکیوں کی زندگیوں میں ایک اہم محرک کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ٹرمپ کی چین کو نئے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی

ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت میں اس طرح کی ذہنیت کے لوگ کام کر رہے ہوں جن کی سوچ یہ ہو کہ میرا اس سے کیا لینا دینا ہے یا باقی سب بھاڑ میں جائیں، تو پھر انتشار سے بھرپور اور تباہ کن صورتحال ہی جنم لیتی ہے۔

سابق امریکی صدر نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اپنا زیادہ تر وقت اور کوششیں صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی مہم چلانے میں صرف کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ رواں سال شیڈول امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے جو بائیڈن کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔

جب اوباما کے ترجمان سے اس فون کال کے بارے میں رائے طلب کی گئی تو انہوں نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ نے کورونا وائرس شٹ ڈاؤن کے خاتمے کیلئے ریاستوں کو گائیڈ لائنز جاری کردیں

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیلگ میک اینینی نے امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' سے گفتگو میں اوباما کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل مثالی تھا جس کی بدولت وہ امریکیوں کی جانیں بچانے میں کامیاب رہے۔

اوباما نے اپنی گفتگو کے دوران اٹارنی جنرل ولیم بار کی جانب سے مائیکل فلن کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکا میں قانون کی حکمرانی خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان میں جنم لینے والے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات کے ساتھ ساتھ سب سے بڑی تعداد میں کیس بھی امریکا ہی میں رپورٹ ہوئے ہیں.

اب تک امریکا میں وائرس سے 78ہزار 469 افراد ہلاک جبکہ 13 لاکھ سے زائد متاثر ہو چکے ہیں.

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024