• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دورہ انگلینڈ کیلئے کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں ڈالا جائے گا، وسیم خان

شائع May 12, 2020 اپ ڈیٹ May 16, 2020
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کردیا جائے گا— فائل فوٹو: اے پی پی
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کردیا جائے گا— فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا فیصلہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی اور دورے کے لیے کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کل کردیا جائے گا اور ہم پلیئرز کو سیکیورٹی دینے کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق آج کنٹریکٹ کے لیے کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرائیں گے جس کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح تین کیٹیگریز میں کنٹریکٹ دیے جائیں گے اور کوشش ہوگی کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک قومی کرکٹرز کی کیٹگریز سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور اس بارے میں تفصیلی بات چیت منگل کو ہو گی۔

چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اگلے مالی سال کے لیے پوزیشن مستحکم ہے البتہ اگر اس کے بعد کرکٹ نہ ہوئی تو مسائل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹرز کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز کا تجربہ زبردست رہا اور اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے واضح کیا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے، کھلاڑیوں پر دورہ انگلینڈ کے لیے دباؤ نہیں ڈالا جائے گا اور صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے ہی سیریز پربات ہو گی۔

وسیم خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب ابھی بھی انگلینڈ میں حالات بہت خراب ہیں اور 15 مئی کو انگلش کرکٹ کے حکام سے اس معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوگی کیونکہ ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ اگلے تین چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لیں گے جبکہ سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے پر ابھی تبادلہ خیال ہونا باقی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انگلینڈ کے جوابی دورے سے متعلق یہ مناسب وقت نہیں ہے اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ پی سی بی انگلش کرکٹ حکام کی جانب سے دی جانے والی سفر سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لے گا۔

دورے کے چار یا پانچ ٹیسٹ میں منتقلی کے حوالے سے وسیم خان نے کہا کہ اس موقع پر اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے لیکن کانفرنس کال کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے سب سے اہم چیز کھلاڑیوں کی صحت ہے کیونکہ کھلاڑی جتنا عرصہ برطانیہ میں رہیں گے، اتنا ہی ان کے وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ ہو گا۔

پاکستان نے جولائی کے آخر میں ایک ٹیسٹ اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے اور پی سی بی دورے میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کے حوالے سے انگلش کرکٹ بورڈ سے مشاورت کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024