• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بہتر مواد دکھانے کے تحت پی ٹی وی نیوز پر نئے پروگرامات کا آغاز

شائع June 1, 2020
سرکاری نیوز چینل پر آج سے 9 نئے پروگرامات کا آغاز کردیا گیا—فوٹو: فیس بک
سرکاری نیوز چینل پر آج سے 9 نئے پروگرامات کا آغاز کردیا گیا—فوٹو: فیس بک

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نیوز نے یکم جون سے بہتر مواد کو نشر کرنے کے سلسلے میں متعدد نئے پروگرامات کا آغاز کردیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید نئے پروگرامات شروع کیے جائیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی وی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعٖظم کی جانب سے سرکاری نشریاتی ادارے کے مواد میں تجدید کی ہدایات کے بعد یکم جون سے 9 نئے پروگرامات اور ٹاک شوز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ سرکاری نشریاتی ادارے پر مواد کی تجدید کے پہلے مرحلے میں معروف صحافی اویس توحید کے پروگرام سمیت منیبا مزاری اور نادیہ مرزا جیسی اینکرز کے پروگرامات بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔

یکم جون سے پی ٹی وی نیوز پر جن نئے پروگرامات کو شروع کیا جا رہا ہے ان میں اویس توحید کا پروگرام ' شاہراہ دستور' نادیہ مرزا کا پروگرام ' ایوان سے عوام تک' امتیاز گل کا میزبان مشال بخاری کے ساتھ تجزیوں پر مبنی پروگرام ' نکتہ امتیاز'، پی ٹی وی کے معروف میزبان سید انوار الحسن کا پروگرام 'سچ کا ساتھ' اور مونا عالم کا پروگرام ' بدلتی رائے' شامل ہے۔

ان پروگرام کے علاوہ پی ٹی وی نیوز یکم جون سے منیبا مزاری کا ہفتہ وار سماجی پروگرام 'سماج' اور فیصل رحمٰن خان کا شخصیات کی مہمان نوازی پر مبنی پروگرام 'برجستان' بھی نشر کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی ارطغرل غازی کی مدد سے عالمی ریکارڈ بنانے کا خواہشمند

یہی نہیں بلکہ پی ٹی وی جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت ڈی ڈبلیو کی اردو میں ڈاکیومینٹریز بھی نشر کرے گا۔

پی ٹی وی نیوز ڈی ڈبلیو کی ثقافت، کھیل اور سماجی مسائل پر بنائی گئی ڈاکیومینٹریز نشر کرے گا۔

سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے وزیر اعظم کی ہدایات کے بعد یہ قدم ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب کہ پی ٹی وی پر وزیر اعظم کی خواہش پر ترک ڈراما 'ارطغرل غازی' بھی نشر کیا جا رہا ہے۔

'ارطغرل غازی' کو نشر کرنے پر جہاں پی ٹی وی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، وہیں کئی شخصیات نے سرکاری ادارے پر غیر ملکی ڈرامے کو نشر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی ڈراما نشر کرنے پر پی ٹی وی انتظامیہ کو اچھا ملکی مواد نشر کرنے کے مشورے بھی دیے گئے، جس کے بعد اب پی ٹی وی انتظامیہ نے ابتدائی طور پر نیوز چینل پر نئے پروگرامات کا آغاز کیا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی پی ٹی وی نیوز چینل کی طرح انٹرٹیمنٹ چینل پر بھی نئے پروگرام نشر کرے گا، تاہم اس حوالے سے سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024