• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس اب پہلے جیسا جان لیوا نہیں رہا، اطالوی ڈاکٹروں کا دعویٰ

شائع June 1, 2020
— رائٹرز فوٹو
— رائٹرز فوٹو

اٹلی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس اب اتنا جان لیوا نہیں رہا جتنا عالمی وبا کے آغاز پر تھا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میلان کے سان ریفایلی ہاسپٹل کے سربراہ ڈاکٹر البرٹو زینگریلو نے اتوار کو ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا 'حقیقت تو یہ ہے کہ طبی لحاظ سے یہ وائرس اب اٹلی میں موجود نہیں'۔

ان کا کہنا تھا 'گزشتہ 10 دن کے دوران سواب ٹیسٹوں میں جو وائرل لوڈ دیکھا گیا وہ ایک یا 2 ماہ قبل کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے'۔

انہوں نے اطالوی حکومت پر لاک ڈاؤن کی پابندیاں اٹھانے کے عمل کو جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وائرس کی دوسری لہر کا انتباہ اٹلی میں غیرضروری خوف پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔

خیال رہے کہ میلان اٹلی کے خطے لمبارڈی میں واقع ہے جو اس وبائی مرض سے بہت بری طرح متاثر ہوا تھا۔

شمال مغربی اٹلی کے شہر جینوا کے سان مارٹینو ہاسپٹل کے وبائی امراض کے مرکز کے سربراہ میٹیو باسیٹی نے بھی ڈاکٹر البرٹو کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس اب اتنا جان لیوا نہیں رہا جتنا پہلے تھا۔

ان کا کہنا تھا 'اس وائرس کی جو طاقت 2 ماہ پہلے تھی وہ آج بہت کم رہ گئی ہے، یہ واضح ہے کہ آج کووڈ 19 کی بیماری پہلے سے مختلف ہے'۔

خیال رہے کہ اٹلی کووڈ 19 سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں پیر کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار 415 تھی جبکہ مانا جاتا ہے کہ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوگی۔

مگر اب وہاں روزانہ نئے کیسز کی تعداد مئی کے اختتام پر 300 تک پہنچ گئی ہے جو مارچ میں 6500 تک پہنچ گئی تھی۔

دوسری جانب سے اٹلی کی وزیر صحت ساندرا زمپا کا کہنا ہے کہ ان ڈاکٹروں کے دعوے کے حوالے سے شواہد ناکافی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ شہری سماجی دوری کی ہدایات پر عمل جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا 'اس خیال کی حمایت کے لیے سائنسی شواہد اب تک سامنے نہیں آئے وائرس اب غائب ہوچکا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اطالوی شہریوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ مکمل احتیاط کا مظاہر کرتے ہوئے جسمانی طور پر لوگوں سے دوری کو یقینی بنائیں، زیادہ افراد کے اجتماع سے گریز کریں، اپنے ہاتھوں کو اکثر دھوئیں اور ماسک پہنیں۔

اٹلی میں کئی ہفتوں کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد اب مختلف شعبوں کو بتدریج کھولا جارہا ہے۔

رواں ہفتے اٹلی میں بیرون ملک سے آنے یا باہر جانے والوں کو سفر کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو وہاں 2 ہفتے تک آئسولیشن کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔

سنیما اور تھیٹر کو بھی رواں ماہ کے آخر تک کھول دیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024