• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ملک میں مزید 4 ہزار 634 افراد کورونا سے متاثر، پنجاب میں اموات ایک ہزار سے زائد

شائع June 15, 2020 اپ ڈیٹ July 5, 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 62، اسلام آباد 3، سندھ میں 22آزاد کشمیر میں مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی—تصویر: اے ایف پی
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 62، اسلام آباد 3، سندھ میں 22آزاد کشمیر میں مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی—تصویر: اے ایف پی

عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان کو اس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک کی صورتحال کے حوالے سے گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا تھا کہ جولائی 2020 کے اواخر تک ملک میں کووڈ-19 کے کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ ہوسکتی ہے۔

آج 15 جون کی شام تک سندھ، پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 4 ہزار 634 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار 863 تک جا پہنچی۔

حکومت کی جانب سے بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ایک ہزار 776، پنجاب میں ایک ہزار 537، خیبر پختونخوا میں 459، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 635، بلوچستان میں 150، گلگت بلتستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں مزید 34 کیسز سامنے آئے۔

اس کے علاوہ وائرس سے متاثرہ مزید 120 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 783 ہوگئی جبکہ اب تک 53 ہزار 721 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 62، خیبر پختونخوا میں 32، سندھ میں 22، اسلام آباد 3 اور آزاد کشمیر میں مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا۔

اس عرصے میں وبا کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوا مارچ تک صورتحال خاصی حد تک قابو میں رہی تھی البتہ اپریل سے اس میں تیزی آئی اور مئی میں یہ صورتحال بگڑنا شروع ہوگئی۔

ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کو دیکھیں تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔

اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں خاصی تیزی آئی اور یہ مہینے کے اختتام تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اس دوران اموات کی تعداد 385 ہوگئی تھی۔

تاہم مئی کا مہینہ ملک میں وبا کے لحاظ سے خاصا خطرناک ثابت ہوا اور اس ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں ایک دن میں سب سے زیادہ 32 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 459 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں نئے 459 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 18ہزار 472 ہو گئی ہے۔

صوبے میں ان دن میں سب سے زیادہ 32 اموات ہوئی ہیں، سوات میں 10، پشاور میں 6، کوہاٹ میں ایبٹ آباد اور مردان میں دو، دو جبکہ خیبر، صوابی، ملاکنڈ، لوئر چترال، ہنگو اور ڈٰرہ اسماعیل خان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کُل 707 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 776 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 55 ہزار 581 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ایک ہزار 776 کیسز میں سے ایک ہزار 91 کیسز کراچی میں سامنے آئے۔

اس کے ساتھ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 22 مریضوں کے انتقال سے جاں بحق افراد کی تعداد 853 ہوگئی ہے جبکہ مزید 2 ہزار 417 افراد صحتیاب ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ 24 ہزار 789 مریض گھروں پر، 90آئسولیشن سینٹرز اور ایک ہزار 826 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 627 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب

ملکی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 537 نئے کیسز سامنے آئے یوں صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 54 ہزار ہزار 138 ہوگئی۔

صوبے میں کورونا وائرس کے باعث مزید 62 اموات رپورٹ بھی ہوئیں جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 969 سے بڑھ کر ایک ہزار 31 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 635 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 ہزار 569 تک جا پہنچی۔

سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 3 مریضوں کے جاں بحق ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 78ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں آزاد کشمیر اس وبا سے اب تک سب سے کم متاثر ہونے والا خطہ ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس سے یہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 647 ہوگئی۔

اسی طرح مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں 43 افراد میں وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد اس وبا کا شکار بننے والوں کی تعداد ایک ہزار 129 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اس خطے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

بلوچستان

بلوچستان کے صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 150 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے اعداد وشمار کےمطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ-19 سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک مصدقہ 8 ہزار 327 کیسز اور 85 ہلاکتیں ہیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 986 افراد اس بیماری سے چھٹکارا پا کر روبہ صحت ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 51 ہزار 735 سے بڑھ کر 53 ہزار 721 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت ایک لاکھ 46 ہزار 713 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 2 ہزار 783 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 53 ہزار 721 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 90 ہزار 209 فعال کیسز ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سندھ اور پنجاب ہیں, سندھ میں کووِڈ 19 کے 55 ہزار 581 کیسز جبکہ پنجاب میں 54 ہزار 138 ہیں

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 18 ہزار 472 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 8 ہزار 177 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 569 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129 اور آزاد کشمیر میں 647 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1031

سندھ: 853

خیبرپختونخوا: 707

بلوچستان: 85

اسلام آباد: 78

گلگت بلتستان: 16

آزاد کشمیر: 13

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد اس وبا نے ملک کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا اور اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ تفصیلی اعداد و شمار جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024