• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

یقین رکھیں اصل زندگی موت کے بعد شروع ہوتی ہے، حمزہ علی عباسی

شائع June 15, 2020
حمزہ علی عباسی نے نومبر 2019 میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حمزہ علی عباسی نے نومبر 2019 میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اگست 2019 میں شادی کرنے کے چند ماہ بعد نومبر 2019 میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی اگرچہ ٹی وی اور فلموں سے دور ہیں، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر مذہب کی ترویج کا سلسلہ شروع کیا تھا اور وہ تقریبا ہر مسئلے پر ٹوئٹ یا سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے غامدی آرگنائیزیشن کے بینر تلے مذہب سے متعلق اہم مسائل پر باتوں کی ایک ویڈیو سیریز بھی کی تھی، جس میں وہ مختلف مذہبی شخصیات سے باتیں کرتے دکھائی دیے۔

اسی طرح گزشتہ چند ماہ سے وہ معروف اسکالر جاوید احمد غامدی کی ویڈیوز سمیت دیگر مذہبی پوسٹس بھی شیئر کرتے دکھائی دیے اور لوگوں نے ان کے ایسی پوسٹس کی تعریفیں بھی کیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی کا 'اداکاری سے کنارہ کشی' کا اعلان

گزشتہ 2 ہفتوں سے حمزہ علی عباسی تقریبا یومیہ ٹوئٹر پر مذہبی پوسٹس کرتے دکھائی دیتے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک ٹوئٹ کی کہ یقین رکھیں اور جان لیں کہ اصل زندگی موت کے بعد ہی شروع ہوتی ہے۔

حمزہ علی عباسی نے مذکورہ ٹوئٹ میں لکھا کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ دوسروں سے بھی حسن اخلاق سے پیش آئیں، غریبوں اور کمزوروں کے ساتھ نرمی اور محبت کا رویہ اختیار کریں۔

انہوں نے لکھا کہ اس بات کو یقین بنائیں کہ آپ کے اقدامات اور الفاظ سے ہرکوئی محفوظ اور پرسکون رہے۔

مزید پڑھیں: حمزہ علی عباسی سے شادی سے 9 ماہ قبل اداکاری چھوڑ دی تھی: نیمل خان

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ صدقہ دیا کریں اور اس بات کو جان لیں اور اس پر یقین رکھیں کہ اصل زندگی موت کے بعد ہی شروع ہوگی

اس سے قبل انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ جنت کسی سیاسی، مذہبی پارٹی، مسلک ، تاریخ دان، حکمران، کمپنی، فلسفی، سوشل، و سیاسی شخصیت کی وجہ سے نہیں بلکہ علمی اور اخلاقی دیانتداری کے نتیجے میں ملے گی۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ 23 مئی کو کراچی میں تباہ ہونے والے طیارے کے حادثے کے وقت بھی انہوں نے ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ہم سب اللہ کی جانب سے بھیجے گئے اور ان کی جانب ہی جانا ہے۔

خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی نے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے 'مڈ ہاؤس اینڈ دی گولڈن ڈول' نامی فیچر فلم بھی ڈائیریکٹ کی۔

وہ 'وار'، 'میں ہوں شاہد آفریدی'، 'جوانی پھر نہیں آنی' اور 'پرواز ہے جنون' جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور خان لاک ڈاؤن کے دوران کیا کررہے ہیں؟

حمزہ علی عباسی نے جلد ریلیز ہونے والی فلم 'دی لیجنڈز آف مولا جٹ' میں بھی اہم کردار نبھایا ہے، جسے تاحال ریلیز نہیں کیا جاسکا۔

اداکار کا پہلا ڈراما 'میرے درد کو جو زبان ملے' 2012 میں سامنے آیا، اس کے بعد انہوں نے 'پیارے افضل' اور 'من مائل' جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کیا، نومبر 2019 میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے سے قبل اگست میں انہوں نے ماضی کی اداکارہ نیمل خاور سے شادی کی تھی.

حمزہ کی اہلیہ نیمل نے 2 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’ورنا‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، فلم کی کامیابی کے بعد وہ ’انا‘ نامی ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئیں اور اسی ڈرامے کی شوٹنگ ختم ہونے پر دسمبر 2018 کے آغاز میں انہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان انسٹاگرام پر کیا تھا۔

نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی نے سادگی سے شادی کی تھی—فوٹو: ٹوئٹر
نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی نے سادگی سے شادی کی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024