• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا

شائع July 3, 2020
ہلکا بخار ہوا تھا جس پر خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا، شاہ محمود قریشی — فائل فوٹو / اے پی
ہلکا بخار ہوا تھا جس پر خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا، شاہ محمود قریشی — فائل فوٹو / اے پی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے جس کی انہوں نے تصدیق کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہیں ہلکا بخار ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 'اب میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے لیکن اللہ کے کرم سے میں خود کو مضبوط اور توانا محسوس کر رہا ہوں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'میں گھر سے اپنے فرائض انجام دیتا رہوں گا جبکہ عوام سے درخواست ہے کہ مجھے دعاؤں میں یاد رکھیں۔'

یہ بھی پڑھیں: وزیر مملکت شہریار آفریدی کورونا وائرس سے شفایاب ہوگئے

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران متعدد وزرا اور سیاستدان اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں، جبکہ چند جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

ان کے علاوہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، وزیر مملکت شہریار آفریدی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

جون میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید، شاہد خاقان سمیت مزید کئی سیاستدان کورونا کا شکار

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

وبا کے باعث جن سیاسی رہنماؤں نے وفات پائی ان میں سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا، پی ٹی آئی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر برائے انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ اور پی ٹی آئی کے میاں جمشید الدین کاکاخیل شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024