گلیکسی نوٹ سیریز کے فونز پاکستان میں پری آرڈر میں دستیاب
سام سنگ نے رواں سال کے دوسرے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 20 سیریز کے دونوں فونزکو پاکستان میں پری آرڈر میں فروخت کے لیے پیش کردیا۔
سام سنگ نے یہ فون 5 اگست کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث پہلی بار ایک آن لائن ایونٹ کے دوران پیش کیے تھے۔
2019 کی طرح اس بار بھی سام سنگ کی جانب سے نوٹ سیریز میں 2 فون بیک وقت متعارف کرائے گئے، جن میں سے گلیکسی نوٹ 20 میں 6.7 انچ کا فلیٹ ڈسپلے دیا گیا جبکہ نوٹ 20 الٹرا 6.9 انچ ڈائنامک امولیڈ 2 ایکس ڈسپلے 1440 پلس ریزولوشن اور 120 ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا۔
دونوں میں پنچ ہول سیلفی کیمرا سینٹر میں دیا گیا ہے اور بیزل نہ ہونے کے برابر ہیں، اسی طرح یہ فونز بھی سابقہ ماڈل کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ اور ڈسٹ پروف ہے۔
گلیکسی نوٹ 20 میں 4300 ایم اے ایچ جبکہ نوٹ 20 الٹرا میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی جو کہ کسی بھی گلیکسی نوٹ فون میں اب تک کی سب سے طاقتور بیٹری ہے، گزشتہ سال کے ماڈل میں 4300 ایم اے ایچ بیٹری تھی۔
اس بار گلیکسی نوٹ کے دونوں موبائلز کے کیمرا سسٹم بھی ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں۔
نوٹ 20 کے یک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں مین کیمرا 12 میگا پکسل کا ہے جس میں پہلے سے بڑے 1.8 یو ایم پکسلز دیئے گئے یں جبکہ ڈوئل پکسل آٹو فوکس اور او آئی ایس سپورٹ بھی موجود ہے۔
دوسرا کیمرا 64 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے جسے ٹیلی فوٹو کیمرے (3 ایکس لوس لیس زوم، 30 ایکس اسپیس زوم) اور 8 کے ویڈیو کیمرے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تیسرا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا ہے جبکہ فرنٹ پر 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
اس کے مقابلے میں نوٹ 20 الٹرا کے بیک پر بھی 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے مگر یہ نوٹ 20 کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے۔
اس کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہوگا جو 8 کے ویڈیو 24 فریم فی سیکنڈ میں ریکارڈ کرسکے گا جبکہ ڈوئل پکسل آٹوفوکس کی جگہ آپٹیکل اسٹیبلائزیشن کو دیا گیا ہے جبکہ فیز ڈیٹیکشن آٹوفوکس کو اب لیزر اے ایف کے ساتھ منسلک کردیا گیا جس کے بعد تھری ڈی فلائٹ آف سنسر کیمرے کی ضرورت ختم ہوگئی ہے۔
دوسرا 12 میگا پکسل کیمرا ہے جو پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو لینس کے طور پر کام کرے گا جس سے صارف کو 5 ایکس آپٹیکل زوم اور 50 ایکس ہائبرڈ زوم کی سہولت مل سکے گی۔
تیسرا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا ہے جو 120 فیلڈ آف ویو فراہم کرے گا۔
اس کے فرنٹ پر بھی 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے۔
اب اسے متعارف کرائے جانے کے ایک دن بعد پاکستان میں بھی آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔
سام سنگ نے پاکستان میں پری آرڈر پر بکنگ کرانےوالے افراد کے لیے ایک انعام بھی رکھا ہے۔
اگر نوٹ 20 سیریز کے کسی بھی فون کا پری آرڈر کرائیں گے تو آپ کو گلیکسی بڈز پلس (جو ویسے 18 ہزار کا ملتا ہے) مفت دیا جائے گا۔
گلیکسی نوٹ 20 کا 8 جی بی ریم اور 256 ریم والا فون پاکستان میں ایک لاکھ 80 ہزار روپے جبکہ نوٹ الٹرا کا 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2 لاکھ 19 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا اور اس لنک پر جاکر آپ پری آرڈر کرسکتے ہیں۔
پری آرڈر کرنے والے افراد کو یہ فون رواں ماہ کے آخر تک مل سکے گا۔