• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

یوم آزادی اور محرم الحرام کیلئے نئے ایس او پیز جاری

شائع August 8, 2020
اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے بعد کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کی رپورٹس کے بعد حکومت نے یوم آزادی اور محرم الحرام کے پروگرامات کے خصوصی طور پر اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کرلیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں مختلف شعبوں کو کھولنے کے لیے اپنائے جانے والے روڈ میپ اور اقدامات جبکہ یوم آزادی کی تقریبات اور محرم الحرام سے قبل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیر منصوبہ بندی، تقری اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت اس اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈیٹر (ر) اعجاز شاہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ’ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں کاروباری مراکز بند کردیے جائیں گے‘

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سماجی فاصلے، ماسک پہننے اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ایک مکمل ضابطہ اخلاق وضع کیا گیا ہے۔

اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ محرم الحرام کے لیے ایس او پیز تیار کرلیے گئے ہیں جس کے تحت صرف رجسٹرڈ جلوسوں کو ہی باہر نکلنے کی اجازت ہوگی اور ان کے منتظمین کو کہا گیا ہے کہ تنگ گلیوں سے اجتناب کریں۔

اس کے علاوہ مقررین کو ماسک لازمی پہننا ہوگا جبکہ مجلس کے شرکا کی پہلی قطار سے کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔

اسی طرح یوم آزادی کی تقریبات میں داخلی مقامات پر سینیٹائزرز کا استعمال اور شرکا کے لیے ماسک کا پہننا لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو وفاقی وزیر اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ حکومت سیاحت، ٹرانسپورٹ (ٹرین اور فلائٹس)، ہوٹلز، ریسٹورنٹس جیسے شعبے 10 اگست سے دوبارہ کھول رہی ہے۔

انہوں نے ایس او پیز پر عمل کرنے اور کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کا سہرا شہریوں کو دیا تھا۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ان بند شعبوں کو کھولنے کے دوران صحت کی گائڈ لائنز پر عمل ہونا چاہیے۔

انہوں نے خبردار کیا تھا کہ 'کورونا وائرس کا خطرہ اب بھی موجود ہے اور اگر صحت کی گائڈ لائز پر عمل نہ کیا گیا تو اس بیماری کے دوبارہ پھیلنے کا خطرہ ہمیشہ یہاں پر ہے'

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں نے بہت صبر دکھایا ہے اور صحت کے اصولوں پر عمل کیا ہے، اگر یہی سلسلہ محرم تک جارہی رہا تو یہ صحت کے خطرات کم کرنے میں مدد کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم، ریسٹورنٹس، بازار، تفریحی مقامات کھولنے کا اعلان

وفاقی وزیر نے وفاقی اور صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ محرم کے دوران موثر اقدامات کرکے عوام کا تحفظ یقینی بنائیں۔

علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق عیدالاضحیٰ کے بعد پنجاب میں وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یومیہ کیسز جو گزشتہ ہفتے کے دوران 100 سے کم ہوگئے تھے وہ اب بڑھ کر تقریباً 300 تک پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اگرچہ کچھ طبی ماہرین ان کیسز میں اضافے سے پریشان نہیں ہیں اور وہ اسے معمول کا اضافہ قرار دے رہے ہیں تاہم دیگر کا ماننا ہے کہ یہ کووڈ 19 کی دوسری لہر کے آغاز کا اشارہ ہوسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024