• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم

شائع August 12, 2020
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت ہوئی— فائل فوٹو: فلکر اسکرین شاٹ
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت ہوئی— فائل فوٹو: فلکر اسکرین شاٹ

سپریم کورٹ نے کراچی کی حالت زار، تجاوزات، نالوں کی صفائی کے معاملات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہر کے تمام نالوں کی صفائی کا کام نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا، مزید یہ کہ اتھارٹی کو تجاوزات اور دیگر مسائل کو دیکھنے کی بھی ہدایت کردی۔

ساتھ ہی چیف جسٹس نے یہ ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے، مافیا آپریٹ کر رہی ہیں جبکہ حکمران صرف مزے کر رہے ہیں۔

عدالت عظمیٰ کی کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے شہر قائد میں نالوں پر تجاوزت کے خلاف آپریشن اور شہر کے دیگر معاملات پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: 'کراچی کو بنانے والا کوئی نہیں، لگتا ہے سندھ، مقامی حکومت کی شہریوں سے دشمنی ہے'

جہاں اٹارنی جنرل برائے پاکستان خالد جاوید خان، کمشنر کراچی افتخار شلوانی، سندھ حکومت اور شہری حکومت کے نمائندے اور دیگر حکام پیش ہوئے۔

دوران سماعت کراچی میں نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق کمشنر کراچی نے رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سندھ حکومت اور بلدیاتی حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔

سماعت میں کمشنر کراچی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کراچی میں 38 بڑے نالے ہیں، لوگ 10 سال سے نالوں پر رہ رہے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ گزشتہ 20 برسوں میں آپ نے کچھ نہیں کیا، نہ سندھ حکومت کام کررہی ہے اور نہ ہی بلدیاتی حکومت کچھ کر رہی۔

آپ لوگوں نے پورے کراچی کو گوٹھ بنادیا ہے، چیف جسٹس

عدالت میں موجود ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ ہم (نالوں کی صفائی کے لیے) جاتے ہیں تو لوگ مارنا شروع ہوجاتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہی تو آپ کی حکومت کی رٹ ہے، سارے شہر کے اندر گٹر کا پانی بھرا ہوا ہے، ہر جگہ گلیوں میں گٹر کا پانی موجود ہیں، لوگ پتھر رکھ کر اس پر چلتے ہیں۔

عدالتی ریمارکس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم جاتے ہیں تو امن و عامہ کی صورتحال پیدا ہوتی ہے، ہم 2، 3 ماہ میں نالوں سے تجاوزات ختم کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ماہ میں حاجی لیموں گوٹھ کلیئر ہوجائے گا، یہ ہماری آپ کے ساتھ کمٹمنٹ ہے، ان کے جواب پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو حکومت کرتے ہوئے کتنے سال ہوگئے؟ آپ کی لوگوں کے ساتھ کمٹمنٹ ہونی چاہیے مگر آپ نے لوگوں کے ساتھ کیا کیا؟ آپ لوگوں نے پورے کراچی کو گوٹھ بنادیا ہے، پورا شہر غلاظت اور گٹر کے پانی سے بھرا ہوا ہے، مچھر، مکھیوں اور جراثیم کا ڈھیر لگا ہوا ہے، لوگ پتھروں پر چل کر جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'کرنٹ سے ہلاکتوں کے مقدمے میں سی ای او کے الیکٹرک کا نام شامل کیا جائے'

چیف جسٹس نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک برا حال ہے جہاں جائیں وہی حال ہے، ہائی وے پر اشتہارات لگے ہوئے ہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، یہ کیا ہوتا ہے؟ آپ کسی اور کو کیسے کنٹریکٹ دے سکتے ہیں؟ ایسے کاموں کی اجازت نہیں دے سکتے۔

سندھ حکومت مکمل ناکام ہوچکی، حکمران مزے کر رہے ہیں، عدالت

ساتھ ہی چیف جسٹس کے یہ ریمارکس بھی سامنے آئے کہ مکمل تباہی ہے اور سندھ حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے، حکمران صرف مزے کر رہے ہیں، یہاں مافیا آپریٹ کر رہی ہیں، کوئی قانون کی عملداری نہیں، پوری حکومتی مشینری سب ملوث ہے، افسر شاہی سب ملے ہوئے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کروڑوں روپے کمارہے ہیں، غیرقانونی دستاویزات کو رجسٹرڈ کرلیا جاتا ہے، سب رجسٹرار آفس میں پیسہ چلتا ہے، معلوم نہیں کس کی پراپرٹی کس کے نام پر رجسٹر ہوگئی، جب مرجائے گا تو بچوں کو پتا چلے گا کہ قبضہ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس میں سب سے پہلے سب رجسٹرار کا آفس کھول دیا گیا تھا۔

اسی دوران بینچ کے رکن جسٹس فیصل عرب نے یہ ریمارکس دیے کہ دنیا بھر میں لوگوں کی حکمرانی ہوتی ہے وہ ووٹ دیتے ہیں۔

کراچی کے معاملے پر سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں، اٹارنی جنرل

عدالت میں سماعت کے دوران اٹارنی جنرل برائے پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی میٹرو پولیٹن شہر ہے، کوئی بھی ملک اپنے میٹروپولیٹن شہر کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے معاملے پر سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں، تمام آئینی اور قانونی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے کوئی حتمی بات نہیں کر سکتا لیکن جلد فیصلہ ہوگا۔

بعدازاں عدالت نے کراچی کے تمام نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے اتھارٹی کو تجاوزات اور دیگر مسائل کو دیکھنے کی بھی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت این ڈی ایم اے کو مدد فراہم کرے۔

شاہراہ فیصل پر یوم آزادی کے لگے سائن بورڈ ہٹانے کا حکم

علاوہ ازیں چیف جسٹس نے شاہراہ فیصل پر 14 اگست کے حوالے سے لگے ہوئے سائن بورڈز پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ سائن بورڈ سرکاری طور پر لگائے گئے ہیں ان پر قائد اعظم کے اقوال لکھے ہوئے ہیں، کیا قائد اعظم کی باتیں بتانے کا یہی طریقہ رہ گیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے کمشنر کراچی کو تمام سائن بورڈ ہٹانے کا حکم دے دیا۔

کڈنی ہل پارک میں قائم مسجد اور مزار کی پیمائش کی ہدایت

دوران سماعت عدالتی احکامات کے باوجود کڈنی ہل پارک میں تجاوزات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں درخواست گزار ابوتراب کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود کڈنی ہل پارک میں تعمیرات کا سنگ بنیاد رکھا ہے، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قبضے کا یہی طریقہ ہوتا ہے، پہلے گدھا باندھا جاتا ہے، پھر جھنڈا لگتا ہے اور اس کے بعد گھر بنانا شروع ہوجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی جم خانہ میں نئی تعمیرات روکنے، کڈنی ہل پارک کی زمین مکمل واگزار کرانے کا حکم

اس پر کمشنر کراچی نے کہا کہ ہم نے کڈنی ہل پارک میں ہر قسم کی تعمیرات روک رکھی ہیں، جس پر سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو کڈنی ہل پارک سے تمام تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا۔

ساتھ ہی عدالت نے کڈنی ہل پارک میں قائم مسجد اور مزار کی پیمائش کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے کمشنر کو کہا کہ مسجد اور مزار کی پیمائش کرکے کل تک رپورٹ پیش کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024