• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ہنڈائی کی نئی گاڑی پاکستان میں فروخت کے لیے پیش

شائع August 12, 2020
— فوٹو بشکریہ ہنڈائی نشاط موٹرز
— فوٹو بشکریہ ہنڈائی نشاط موٹرز

ہنڈائی نشاط موٹرز نے پاکستان میں اپنی ایس یو وی ٹکسن کو فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔

11 اگست کو ایک آن لائن ایونٹ کے دوران اس گاڑی کو پاکستان میں متعارف کرایا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ہنڈائی نشاط نے رواں سال فروری میں 2 گاڑیاں سانتا فے اور گرینڈ اسٹاریکس پاکستان میں متعارف کرائی تھیں، جن میں سے سانتا فے ایس یو وی جبکہ گرینڈ اسٹاریکس ایک چھوٹی وین تھی۔

اب کمپنی کی جانب سے ٹکسن کی شکل میں ایک نئی گاڑی پیش کی گئی ہے جو پہلے جون میں متعارف کرائی جانی تھی مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی۔

اس گاڑی کو 2 ورژن اے ڈبلیو ڈی اور ایف ڈبلیو ڈی میں متعارف کرایا جارہا ہے جس میں اے ڈبلیو ڈی کو الٹی میٹ جبکہ ایف ڈبلیو ڈی کو جی ایل ایس اسپورٹ کا نام دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ہنڈائی نشاط موٹرز
فوٹو بشکریہ ہنڈائی نشاط موٹرز

دونوں ورژن میں 4 سلینڈر 16 والو 1999 سی سی پٹرول انجن دیئے گئے ہیں جو 155 ہارس پاور رکھتے ہیں جبکہ 6 اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن دیئے گئے ہیں۔

اندر سے اس گاڑی میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے خوبصورت بنانے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ سی ڈی/ ڈی وی ڈی پلیئر کے ساتھ ایل ای ڈی ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم بھی موجود ہے۔

مسافروں کے تحفظ کے لیے 2 ایئر بیگز دیئے گئے ہیں جبکہ 16 انچ فرنٹ اور رئیر ڈسک بریکس موجود ہیں۔

اسی طرح اے بی ایس، وہیکل اسٹیبلیٹی سسٹم، بریک اسسٹ الیکٹرونک اسٹیبلٹی کنٹرول، ہل اسٹارٹ اسسٹ اور الیکٹرونک پارکنگ بریک جیسے فیچرز بھی دیئے گئے ہیں۔

دونوں میں اسٹیٹک کارنرنگ لائٹ، اے ایف ایل ایس موجود ہیں جبکہ ایل ای ڈی ہیڈلیمپس، فوگ لیمپس اور پرسنل لیمپس بھی دیئے گئے ہیں۔

فوٹو بشکریہ ہنڈائی نشاط موٹرز
فوٹو بشکریہ ہنڈائی نشاط موٹرز

12 اگست سے صارفین گاڑی کی بکنگ کراسکتے ہیں جس میں ایف ڈبلیو ڈی جی ایل سپورٹ کی قیمت 48 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ اے ڈبلیو ڈی الٹی میٹ کی قیمت 53 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگی۔

خیال رہے کہ ہنڈائی اس سے قبل 2004 تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی رہی تھی مگر اس کے مقامی اشتراک دار کمپنی فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے اسمبلنگ بند کردی تھی۔

2017 میں ہنڈائی نے نشاط گروپ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں اسمبلنگ پلانٹ کے قیام کا معاہدہ کیا تھا۔

2017 میں نشاط گروپ کے چیئرمین میاں منشانے ڈان کو بتایا تھا کہ جنوبی کورین کمپنی چھوٹی گاڑیوں کی اسمبلنگ سے آغاز کرنا چاہتی ہے تاکہ مارکیٹ میں پہلے سے موجود جاپانی کمپنیوں سے مقابلہ کیا جاسکے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024