• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

سندھ ہائی کورٹ: شوگر کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ غیر قانونی قرار

شائع August 17, 2020
سندھ ہائی کورٹ نے تفتیشی اداروں کو آزاد تحقیقات کرنے کی ہدایت بھی دی—فائل فوٹو:فیس بک
سندھ ہائی کورٹ نے تفتیشی اداروں کو آزاد تحقیقات کرنے کی ہدایت بھی دی—فائل فوٹو:فیس بک

سندھ ہائی کورٹ نےچینی بحران کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کے تشکیل کردہ شوگر انکوائری کمیشن اور اس کی رپورٹ کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

جسٹس کے کے آغا پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے شوگر ملز کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) کو قانون کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات سے روکنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

واضح رہے کہ 26 جون کو میرپور خاص شوگر ملز اور صوبے کی دیگر 19 ملوں نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف مرتب کی گئی انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور رپورٹ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی تھی۔

جس پر فیصلہ سناتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ نے کمیشن کو غیر قانونی قرار دیا اور حکم نامے میں اس کی 8 وجوہات کا ذکر کیا جس میں ضروری قواعد و ضوابط پر عمل کرنے میں ناکامی، کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بروقت گزیٹ میں شائع نہ ہونا، کمیشن کی نامکمل تشکیل، کمیشن کی جانبداری، درخواست گزاروں کو صفائی کا موقع نہ دینا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا صوبوں، متعلقہ اداروں کو شوگر ملز کیخلاف تحقیقات کا حکم

فیصلے میں کہا گیا کہ کمیشن کی رپورٹ، ایکشن پلان اور مشیر احتساب و داخلہ کی جانب سے متعدد اداروں کو بھیجےگئے خطوط سے درخواست گزاروں کے لیے تعصب کا اظہار ہوا۔

چنانچہ 16 مارچ کو نافذ کردہ نوٹیفکیشن اور 21 مئی 2020 کو جاری کردہ رپورٹ اور اس کے تحت اٹھائے گئے بلواسطہ یا بلااوسطہ اقدامات اور احکامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، لہٰذا عدالت مذکورہ رپورٹ اور ان تمام احکامات اور اقدامات کو کالعدم قرار دیتی ہے۔

ساتھ ہی عدالت نے وفاقی حکومت اور محکموں کو رپورٹ کی بنیاد پر براہ راست یا بلا واسطہ احکامات لینے سے روک دیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کو احتساب آرڈیننس کے تحت اس بات کی آزادانہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی کہ کیا کمیشن کی رپورٹ سے ہٹ کر درخواست گزاروں میں سے کوئی بھی بدعنوانی کا مرتکب ہوا۔

مزید پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ: شوگر انکوائری رپورٹ کی کارروائی پر حکم امتناع میں توسیع

مزید برآں عدالت نے ایف بی آر کے چیئرمین کو متعلقہ ٹیکس قوانین کے تحت اس بات کی آزادانہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی کہ کیا کمیشن کی رپورٹ سے ہٹ کر درخواست گزاروں نے کوئی ’غیر قانونی‘ اقدامات کیے۔

اسی طرح ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو بھی انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت آزاد انکوائری کرنے کی ہدایت کی کہ کیا کمیشن کی رپورٹ سے ہٹ کر درخواست گزار میں سے کسی نے بھی منی لانڈرنگ کی۔

علاوہ ازیں حکم نامے میں مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی)، اسٹیٹ بینک پاکستان اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) کو ’درخواست گزاروں اور چینی کی صنعت کے حوالے سے قانون کے مطابق اپنا متعلقہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی‘۔

عدالت نے حکم نامے کی نقول نیب، ایف بی آر، سی سی پی، ایس ای سی پی کے چیئرمین، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیف سیکریٹری سندھ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

حکومت کا ’شوگر مافیا‘ کے خلاف کارروائی کا باضابطہ حکم

یاد رہے کہ 27 جولائی کو وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کرتے ہوئے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں شوگر ملز مالکان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو، قومی احتساب بیورو (نیب)، سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن پاکستان، وفاقی تحقیقاتی ادارے، گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی)، مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے علاوہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹریز کو خطوط لکھے گئے تھے۔

مذکورہ خطوط میں متعلقہ حکام سے 90 روز میں عملدرآمد رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

چینی بحران کی تحقیقات اور کارروائی کا معاملہ

یاد رہے کہ ملک میں چینی کے بحران کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے 4 اپریل کو اپنی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ چینی کی برآمد اور قیمت بڑھنے سے سب سے زیادہ فائدہ جہانگیر ترین کے گروپ کو ہوا جبکہ برآمد اور اس پر سبسڈی دینے سے ملک میں چینی کا بحران پیدا ہوا تھا۔

انکوائری کمیٹی کی تحقیقات کے مطابق جنوری 2019 میں چینی کی برآمد اور سال 19-2018 میں فصلوں کی کٹائی کے دوران گنے کی پیدوار کم ہونے کی توقع تھی اس لیے چینی کی برآمد کا جواز نہیں تھا جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی مافیا-سیاستدانوں کا گٹھ جوڑ، صارفین اور کسانوں کو دھوکا دینے میں ملوث

بعد ازاں حکومت چینی بحران پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک آڈٹ کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ 21 مئی کو سامنے لائی تھی جس کے مطابق چینی کی پیداوار میں 51 فیصد حصہ رکھنے والے 6 گروہ کا آڈٹ کیا گیا جن میں سے الائنس ملز، جے ڈی ڈبلیو گروپ اور العربیہ مل اوور انوائسنگ، دو کھاتے رکھنے اور بے نامی فروخت میں ملوث پائے گئے۔

شہزاد اکبر نے کہا تھا انکوائری کمیشن کو مل مالکان کی جانب سے 2، 2 کھاتے رکھنے کے شواہد ملے ہیں، ایک کھاتہ سرکاری اداروں جیسا کہ ایس ای سی پی، ایف بی آر کو دکھایا جاتا ہے اور دوسرا سیٹھ کو دکھایا جاتا ہے جس میں اصل منافع موجود ہوتا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا تھا کہ انکوائری کمیشن کے مطابق اس وقت ملک میں شوگر ملز ایک کارٹیل کے طور پر کام کررہی ہیں اور کارٹیلائزیشن کو روکنے والا ریگولیٹر ادارہ مسابقتی کمیشن پاکستان اس کو روک نہیں پارہا، 2009 میں مسابقتی کمیشن نے کارٹیلائزیشن سے متعلق رپورٹ کیا تھا جس کے خلاف تمام ملز مالکان میدان میں آگئے تھے۔

چنانچہ 7 جون کو وزیر اعظم عمران خان نے شوگر کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں چینی اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف سفارشات اور سزا کو منظور کرتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024