• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

وزارت صحت کی ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک اضافے کی اجازت

شائع August 23, 2020
کمینیاں انتہائی اہم ادویات کی قیمتوں میں 7 فیصد جبکہ غیر اہم ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کر سکتی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
کمینیاں انتہائی اہم ادویات کی قیمتوں میں 7 فیصد جبکہ غیر اہم ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کر سکتی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: وزارت قومی صحت نے سالانہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق دوا ساز کمپنیوں کو انتہائی اہم ادویات کی قیمتوں میں 7 فیصد جبکہ غیر اہم ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دے دی۔

تاہم دوا ساز کمپنیوں نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سلسلے میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں تعاون کے لیے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ادویات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق حکومت نے عالمی وبا کے دوران لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے دوا ساز کمپنیوں سے رابطہ کر کے قیمتیں مستحکم رکھنے کے فوری اقدامات کیے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں 7 سے 10 فیصد اضافے کی منظوری

واضح رہے کہ ڈرگ پالیسی 2018 کے تحت سالانہ کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق دوا ساز کمینیاں انتہائی اہم ادویات کی قیمتوں میں 7 فیصد جبکہ غیر اہم ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کر سکتی ہیں۔

تاہم تمام ادویات آئندہ ماہ کے آخر تک پرانی قیمتوں پر ہی دستیاب رہیں گی کیوں کہ دوا ساز کمپنیوں نے عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی اقدامات میں ساتھ دینے کے لیے مالی سال کی ابتدائی سہ ماہی میں ادویات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت، دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے اس مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کا ساتھ دینے کے فیصلے کو سراہتی ہے۔

مزید پڑھیں: ادویہ سازوں کا 395 انتہائی اہم ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

وزارت صحت نے ڈریپ کی منظوری کے بعد گزشتہ ماہ ادویات کی قیمتوں میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اس معاملے پر دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ بات چیت جاری تھی۔

روپے کی قدر میں کمی سے مشکلات کا سامنا

دوسری جانب پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر ذکا الرحمٰن نے ڈان کو بتایا کہ دوا ساز کمپنیوں نے قوم کے لیے یکم اکتوبر سے قبل ادویات کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے حالانکہ مینوفیکچررز کو پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دسمبر یا جنوری سے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا کیوں کہ قانون کے تحت کمپنیاں یکم اکتوبر کے بعد بننے والی ادویات کی قیمتیں بڑھائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم میڈیکل اسٹورز اور دکانوں، گوداموں میں رکھی ادویات کی قیمتوں پر لکھی قیمتیں تبدیل نہیں کرسکتے اس لیے عوام یکم اکتوبر سے پہلے بننے والی ادویات کی اضافی قیمت ادا نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: 89 ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی کردی گئی

انہوں نے واضح کیا کہ ہر دوا نہیں بلکہ چند ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا، ’حالانکہ ہمیں (ادویات بنانے والی کمپنیوں کو) ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی سے مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم نے ان اثرات کو عوام تک پہنچنے نہیں دیا اور گزشتہ ایک سال سے ادویات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔

خیال رہے وزارت صحت کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق ہر سال ادویات کی قیمتوں پر نظرِ ثانی کرتی ہے، قبل ازیں جنوری میں وزارت نے وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کے فیصلے پت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔


یہ خبر 23 اگست 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024