دوسرے مرحلے میں اسکولز 23 ستمبر سے شیڈول کے مطابق کھلیں گے، وفاقی وزیر تعلیم
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں اسکولز 23 ستمبر سے شیڈول کے مطابق کھلیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں حکومت سندھ کے دوسرے مرحلے میں اسکولز نہ کھولنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ 'تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد اعلان کردہ شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس حوالے سے 22 ستمبر کو این سی او سی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، لیکن اگر صورتحال یہی رہی تو 23 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز کے آغاز میں التوا کی کوئی وجہ نہیں ہے۔'
قبل ازیں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا تھا کہ صوبے میں 21 ستمبر سے دوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں کلاس کے بچوں کے لیے اسکولز کھولنے کا فیصلہ 28 ستمبر تک مؤخر کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں دوسرے مرحلے میں 21ستمبر سے اسکولز نہ کھولنے کا فیصلہ
کراچی میں پریس کانفرنس میں اسکولز کھولنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پورے ملک، حکومتوں اور والدین کو تشویش تھی اور اسی وجہ سے سب سے آخر میں اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جب یہ فیصلہ ہورہا تھا تب بھی میں نے کہا کہ یہ سب سے مشکل فیصلہ ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کچھ نجی اسکولز میں اچھے اقدامات کیے گئے جبکہ پہلے دن ضلع جنوبی کے اسکولز کے دورہ کیا تو وہاں اسکولز کی صورتحال بہتر تھی تاہم کالجز میں انتظامات ٹھیک نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ میں نے مختلف اضلاع میں بھی اسکولز کا دورہ کیا اور کچھ جگہوں پر سرکاری اسکولز میں کوتاہی ضرور تھی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے صوبائی وزرائے تعلیم سے مشاورت کے بعد 15 ستمبر سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ
اس اعلان کے بعد 15 ستمبر سے اسکولوں (صرف نویں اور دسویں جماعت)، کالجز اور جامعات کو مرحلہ وار دوبارہ کھول دیا تھا جس کے ساتھ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔
مزید یہ کہ سندھ میں 21 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے لیے اسکولز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا جبکہ پرائمری اور پری پرائمری کو 28 ستمبر سے کھلنا تھا۔