• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عوام کو سستی، بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،وزیر اعظم

شائع September 18, 2020
توانائی کا شعبہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، وزیر اعظم — فوٹو: پی آئی ڈی
توانائی کا شعبہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، وزیر اعظم — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت توانائی خصوصاً بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کی جلد تکمیل یقینی بناتے ہوئے عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے حوالے سے جاری اصلاحات کے عمل کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی عمر ایوب، معاون خصوصی ندیم بابر اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

لندن اسکول آف اکنامکس کے پروفیسر ڈاکٹر رابن برجس اور شکاگو یونیورسٹی کے پروفیسر مائیکل گرین اسٹون سمیت معاشیات اور توانائی کے شعبوں میں تحقیق کے عمل سے وابستہ بین الاقوامی ماہرین اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔

اجلاس میں بجلی کے شعبے میں مجوزہ اصلاحات بالخصوص عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے روڈمیپ پر عملدرآمد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

معاشیات اور توانائی کے شعبے سے منسلک ماہرین نے اپنے تجربے اور پاکستان میں بجلی کے شعبے کے حوالے سے تحقیق کی روشنی میں پاکستان میں اس شعبے میں جاری اصلاحات اور معاشی ترقی میں شعبے کے اہم کردار کے پیش نظر مختلف تجاویز پیش کیں۔

وزیر اعظم نے ماہرین کی پاکستان میں بجلی کے شعبے کے حوالے سے تحقیق کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے پرعزم ہے اور ان اصلاحات کا بنیادی محور عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں بجلی کے شعبے میں بدلتے وقت اور گھریلو و صنعتی صارفین کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر اصلاحات کے عمل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کے استعداد سے استفادہ نہ کیا جا سکا۔

عمران خان نے توانائی خصوصاً بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کی جلد تکمیل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے بین الاقوامی ماہرین کی پاکستان میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ماہرین کو اصلاحاتی عمل کے عملدرآمد کے حوالے درکار بین الوزارتی مشاورت اور تحقیق کے ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024