• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

شمالی وزیرستان: آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

پاک فوج نے ایک عسکریت پسند کو گرفتار بھی کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاک فوج نے ایک عسکریت پسند کو گرفتار بھی کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

میرام شاہ: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 'دہشت گرد' ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو پکڑ لیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ اس فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی کیپٹن اور 3 سپاہی زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک افغان سرحد کے قریب بویا کے علاقے میں ہونے والی اس لڑائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو گرفتار کیا گیا۔

ادھر اس رپورٹ کے اشاعت تک مارے گئے دہشت گردوں کے شناخت کا علم نہیں ہوسکا تھا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ آپریشن، 5دہشت گرد ہلاک

سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے فوجی افسر کا نام کیپٹن عدیل ہے۔

دوسری جانب مارے جانے والے دہشت گردوں کی تصاویر ذرائع ابلاغ کو جاری کردی گئیں۔

مزید برآں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بویا میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گردوں میں بارودی سرنگ کا ماہر بھی شامل ہے، یہ دہشگرد بے گناہ لوگوں کے قتل، بھتہ خوری اور سیکیورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں کی منصوبہ بندی اور اسے کرنے میں ملوث تھے۔

علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے حیدرخیل گاؤں کے ایک رہائشی کو قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ یاسین گھر جارہا تھا جب مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کی، جس سے اسے شدید زخم آئے اور موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنک میں اضافہ ہوا ہے اور جنوری سے اب تک 30 افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ 28 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے شکائی میں دہشتگردوں کی موجودگی پر کیے جانے والے خفیہ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن عبداللہ ظفر شہید ہوگئے تھے۔

13 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ سنڑے اور دیگر 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی وزیرستان میں کارروائی، کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ 'دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ کو دیگر 3 دہشت گردوں کے ساتھ شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب شکتو کے علاقے گھاریوم میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا'۔

اس سے قبل 7 ستمبر کو شمالی وزیر ستان کے علاقہ میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں مطلوب دہشت گرد وسیم زکریا سمیت 5 دہشت گرد ہلاک اور 10 کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کمانڈر وسیم کا تعلق میر علی کے علاقے حیدر خیل سے تھا اور مطلوب دہشت گرد وسیم 2019 سے اب تک دہشت گردی کی 30 مختلف کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024