• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی کورونا کا شکار ہوگئے

شائع October 13, 2020
رونالڈو یوئیفا لیگ کے اگلے میچ میں پرتگال کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے— فوٹو: پرتگال فٹ بال فیڈریشن
رونالڈو یوئیفا لیگ کے اگلے میچ میں پرتگال کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے— فوٹو: پرتگال فٹ بال فیڈریشن

پرتگال سے تعلق رکھنے والے شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کی ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تصدیق کر دی گئی۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق پرتگال کی فٹ بال فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو کا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ 35 سالہ رونالڈو کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور کوئی علامت بھی نہیں، تاہم وہ آئسولیشن میں ہیں۔

مزید پڑھیں:نیمار سمیت پی ایس جی کے 3 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار

رونالڈو یوئیفا نیشنز لیگ کے اگلے میچ میں سویڈن کے خلاف اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔

پرتگال کی فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ رونالڈو کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا، تاہم ان سب کا ٹیسٹ منفی آیا اور دیگر کھلاڑی سویڈن کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پانچ مرتبہ بہترین فٹ بالر کا اعزاز پانے والے رونالڈو نے نیشنز لیگ میں کھیلے گئے دونوں دوستانہ میچوں میں پرتگال کی نمائندگی کی تھی، جہاں میچ برابری پر ختم ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ رونالڈو اٹلی کے کلب یووینٹس کی جانب سے کھیلتے ہیں اور کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سیری اے اور اگلے ہفتے ہونے والے چمپیئنز لیگ کے میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں مشہور شخصیات متاثر ہوئی ہیں اور عراق کے سابق مشہور فٹ بالر انتقال کرگئے جبکہ گزشتہ ماہ فرانس کے مشہور کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں برازیل کے مشہور فٹبالر نیمار سمیت کلب کے 3 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

پی ایس جی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پیرس سینٹ جرمین کے تین کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں اور وہ صحت کے پروٹوکولز پر عمل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سویڈن کے مشہور فٹ بالر زلاٹن ابراہیمووک بھی کورونا سے متاثر

کلب نے تمام کھلاڑیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم غیر ملکی خبر ایجنسیوں کو ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ ان تین کھلاڑیوں میں نیمار بھی شامل ہیں جبکہ دیگر دو کھلاڑیوں میں اینجل ڈی ماریا اور لیانڈرو پیریڈیس کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے۔

برازیل کے میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ نیمار اور ان کے 9 سالہ بیٹے کے ساتھ ساتھ 55 سالہ والد بھی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ یہ دونوں بھی چھٹیوں پر نیمار کے ہمراہ تھے۔

نیمار نے چھٹیاں گزارنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کے ہمراہ تصویر جاری کی تھی اور لکھا کہ آپ کے پیغامات کا شکریہ، ہم سب خیریت سے ہیں۔

بعد ازاں 24 ستمبر کو سویڈن کے مشہور فٹ بالر زلاٹن ابراہیمووک کا بھی کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024