• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کورونا کی دوسری لہر کے خدشات نے اسٹاک مارکیٹ کو لپیٹ میں لے لیا

شائع October 29, 2020
جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی شدید منفی رجحان دیکھا گیا — فائل فوٹو / اے ایف پی
جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی شدید منفی رجحان دیکھا گیا — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شدید مندی کا رجحان رہا اور بینچ مارک 'کے ایس ای 100 انڈیکس' میں ایک موقع پر 1900 سے زائد پوائنٹس کی کمی بھی دیکھی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1299 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار 888 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی شدید منفی رجحان دیکھا گیا اور ابتدائی 7 منٹ میں ہی انڈیکس میں 1400 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

مندی کا یہ رجحان دن بھر جاری رہا اور ایک موقع پر ہنڈریڈ انڈیکس 1903 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار 283 پوائنٹس کی سطح پر بھی آگیا۔

حصص مارکیٹ میں اس قدر مندی کی وجہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ اور حکومت کی جانب سے وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ 11 شہروں میں کمرشل اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی کو قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا کی 'دوسری لہر': ملک میں شاپنگ مالز، مارکیٹس 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف اکنامسٹ سید عاطف ظفر نے کہا کہ 'کورونا کیسز بڑھنے کے باعث بین الاقوامی حصص مارکیٹوں میں مندی کے باعث حصص دباؤ کا شکار نظر آئی'۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں اور یومیہ ٹیسٹ کے حوالے سے نئے کیسز کا تناسب 3 فیصد سے زائد ہوچکا ہے، جبکہ گزشتہ چند روز سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے بڑے پیمانے پر شیئرز فروخت کیے جارہے ہیں۔

نیشنل کلیئرنگ کمپنی پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین روز میں غیر ملکی سرمایہ کار ایک کروڑ 58 لاکھ سے زائد مالیت کے شیئرز فروخت کر چکے ہیں جن میں سرفہرست شعبے سیمنٹ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور کمرشل بینکس ہیں۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے ریسرچ ہیڈ سعد علی کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ تین روز میں شیئرز کے فروخت کی بڑی وجہ اچھا منافع ملنے کو قرار دیا جاسکتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 585 پوائنٹس کا اضافہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وبا کی 'دوسری لہر' کے پیش نظر تمام شاپنگ مالز، دکانیں اور مارکیٹس رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی۔

این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں تفریح گاہ اور پبلک پارکس بھی شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔

ملک میں رپورٹ ہونے والے کورونا کے مجموعی کیسز میں سے 80 فیصد کیسز کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، گلگت، مظفرآباد میر پور، پشاور اور کوئٹہ میں سامنے آئے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024