• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

نیدرلینڈز اور جرمنی میں برڈ فلو پھیلنے کا خدشہ

شائع November 5, 2020
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

ڈچ حکام ملک میں برڈ فلو کا پھیلاؤ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اسی قسم کے برڈ فلو-ایچ5 این8 نے جرمنی کے شمالی علاقے میں مرغیوں اور جنگلی پرندوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق نیدرلینڈز کے مشرقی علاقے پیوفلجک کے فارم اور ایک قریبی فارم میں 2 لاکھ مرغیوں کو مار دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

ایچ5 این8 انسانوں کے لیے انتہائی کم خطرناک ہے لیکن اس سے معاشی سطح پر کافی نقصان ہوسکتا ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ لوگوں کو بیمار یا مردہ پرندوں کو چھونے سے گریز کرنا چاہیے، چکن اور انڈوں کو کھانا محفوظ ہے اور اگر اسے بہت اچھے سے پکایا جائے تو وائرس مرجاتا ہے۔

مزید پڑھیں: برڈ فلو روکنے کے لئے لاکھوں مرغیوں کا قتلِ عام

علاوہ ازیں شمال مغربی انگلینڈ فروڈشام میں پولٹری فارم میں بھی برڈ فلو کے کیسز ہیں اور 13 ہزار پرندوں کو مارنے کا کہا گیا ہے۔

جنوب مشرقی انگلینڈ کے علاقے کینٹ کے ایک فارم میں جانوروں کی تعداد میں کمی کی جارہی ہے جہاں رواں ہفتے ایچ5این2 انفلوئنزا کی تشخیص ہوئی تھی۔

روس سے آنے والے پرندوں میں ایچ5این8 کی تشخیص ہوئی ہے اور وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گزشتہ ماہ کے اواخر میں روس کے مغربی علاقے کوسٹروما کے فارمز میں بڑے پیمانے پر پرندوں کو مار دیا گیا تھا۔

حال ہی میں متاثر ہونے والے ڈچ فارمز نجمیگن سے باہر ہیں جو جرمنی کی سرحد سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔

فارمز کے قریب وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے زونز قائم کیے گیے ہیں، اس کے ساتھ ہی اولینڈ میں واقع شمالی جرمن فارمز میں بھی یہ زونز قائم کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈھاکہ: برڈ فلو وائرس پھیلنے کے بعد ہزاروں مرغیاں تلف

جرمنی کے سرکاری نشریاتی ادارے ’این ڈی آر‘ کے مطابق ایک ہزار سے زائد جنگلی پرندے نورڈفریزلینڈ کے ساحل پر مرگئے ہیں جن میں سے زیادہ تر بگلے اور بطخیں ہیں۔

خیال رہے کہ جرمنی میں 2016 سے 2017 کے درمیاں برڈ فلو بہت زیادہ پھیلا تھا جب ملک گیر سطح پر 9 لاکھ پرندوں کو مار دیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیدرلینڈز، یورپ میں مرغیوں کے گوشت اور انڈوں کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے جہاں 2 ہزار فارمز میں 10 ہزار لوگ ملازمت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل 2003 میں نیدرلینڈز میں برڈ فلو کے زیادہ پھیلاؤ کے باعث 3 کروڑ مرغیوں، بطخوں اور دیگر پرندوں کو مار دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024