• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بابر اعظم قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

شائع November 10, 2020
چیئرمین احسان مانی نے اظہر علی سے ملاقات کے بعد بابر اعظم کو کپتان مقرر کرکے کی منظوری دی — فائل فوٹو / ڈان
چیئرمین احسان مانی نے اظہر علی سے ملاقات کے بعد بابر اعظم کو کپتان مقرر کرکے کی منظوری دی — فائل فوٹو / ڈان

اظہر علی کو کپتانی سے ہٹاتے ہوئے بابر اعظم کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا اور وہ اب تینوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بن گئے ہیں۔

اظہر علی نے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین احسان مانی نے اظہر علی سے ملاقات کے بعد بابر اعظم کو کپتان مقرر کرکے کی منظوری دی۔

بطور ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کا پہلا امتحان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنا ہوگا۔

دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔

احسان مانی نے کہا کہ کم عمری میں ہی بابر اعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کر لی گئی تھی، پرفارمنس کے تسلسل اور قیادت کی صلاحتیوں کی بنیاد پر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کپتانی کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز کو قیادت سے ہٹانے کے ایک برس بعد اظہر کی چھٹی کی بازگشت

اظہر علی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اور وہ ایک اسپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بلے باز بھی ہیں، اظہر علی میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اور ان کے تجربے سے پاکستان بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ ٹیسٹ کپتان بننے پر بہت فخر اور خوشی محسوس کر رہے ہیں، کیونکہ اب ان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوگا جنہوں نے کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہیں اور اس سے ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

بابر اعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنا کام اور بہتر انداز سے کر سکیں گے کیونکہ انہیں اس سفر میں تجربہ کار کھلاڑیوں کا ساتھ ملے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے ہی سینئر بلے باز اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کی بازگشت جاری تھی تاہم ان کی جگہ محمد رضوان کو نیا کپتان بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اظہر علی کی ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے اور بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اظہر علی سے ملاقات کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کی خبریں میڈیا سے مل رہی ہیں، اظہر علی

چند روز بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کرکٹ بورڈ کے حکام سے قیادت چھوڑنے سے متعلق ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ قیادت سے ہٹانے کی خبریں میڈیا سے مل رہی ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے لیے اس معاملے پر بات کرنا کافی مشکل ہے جب تک بورڈ سے باقاعدہ بات چیت نہیں ہوتی اس وقت تک کچھ نہیں کہہ سکتا۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے 18 اکتوبر 2019 کو سرفراز احمد کی جگہ اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024