• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ممبئی انڈینز ریکارڈ پانچویں مرتبہ آئی پی ایل کی چمپیئن ٹیم بن گئی

شائع November 11, 2020
روہت شرما نے سب سے زیادہ 68 رنز بنائے—فوٹو: بشکریہ کرک انفور
روہت شرما نے سب سے زیادہ 68 رنز بنائے—فوٹو: بشکریہ کرک انفور

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے فائنل میں ممبئی انڈینز نے دہلی کپیٹلز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا بھرپور دفاع کیا۔

دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں بغیر تماشائیوں کے کھیلے گئے فائنل میں دہلی کپیٹلز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کے اوپنر ناکام ہوئے۔

بھارت کے تجربہ کار اوپنر شیکھر دھون اور آسٹریلیا کے مارک اسٹوئنز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسٹوئنز صفر پر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے۔

شیکھر دھون 15 اور اجانکیا رہانے صرف 2 رنز بنا پائے لیکن 22 رنز پر 3 اہم وکٹیں گرنے کے بعد کپتان آئر نے رشبھ پانٹ کے ساتھ مل کر اچھی شراکت کی۔

دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں تاہم پانٹ کی 56 رنز کی اننگز 118 کے مجموعی اسکور پر اختتام پذیر ہوئی۔

ٹرینٹ بولٹ نے اچھی باؤلنگ کرتے ہوئے دہلی کے بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

دہلی کے دیگر بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے تاہم کپتان نے آؤٹ ہوئے بغیر 65 رنز بنائے۔

کپتان کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت دہلی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنائے جو ممبئی انڈینز کی مضبوط بیٹنگ کے لیے ناکافی ہدف ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے ممبئی انڈینز کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے جنوبی افریقہ بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ مل کر اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد دوسری وکٹ میں یادیو نے ان کا 19 رنز بنا کر ساتھ دیا اور 90 کے اسکور پر پویلین لوٹے۔

روہت شرما نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے جبکہ 51 گیندوں کا سامنا کیا، کپتان جب آؤٹ ہوئے تو ممبئی انڈینز کا اسکور 17ویں اوور میں 137 رنز تھا۔

ٹیم جیت کے قریب پہنچنے کے باوجود لڑکھڑا گئی اور اہم موقع پر کیرون پولارڈ اور ہرڈیک پانڈیا جیسے تجربہ بلے باز وکٹ پر ٹھہر نہ سکے۔

اس موقع پر ایشان کشان نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 33 رنز بنائے۔

ممبئی انڈیز نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں پر 157 رنز بنائے اور آئی پی ایل کا فائنل بھی 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

ٹرینٹ بولٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ راجستھان رائلز کے انگلش کھلاڑی جوفرا آرچر کو لیگ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے ممبئی انڈینز نے 2019 میں چنائی سپر کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ممبئی انڈینز نے اس کامیابی کے ساتھ سب سے زیادہ 5 مرتبہ آئی پی ایل چمپیئن بننے کا ریکارڈ بنایا جس کے بعد چنائی سپر کنگز ہے جو 2 مرتبہ چمپیئن بنی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024