• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کورونا وبا: پاکستان میں مزید 2 ہزار 165 کیسز اور 17 اموات کا اضافہ

شائع November 14, 2020
پاکستان میں وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کو ہلاکر رکھ دینے والے مہلک نوول کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ میں ایک مرتبہ پھر تیزی آگئی ہے اور جولائی کے بعد مسلسل دوسرے روز ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 461 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے 3 لاکھ 22 ہزار 414 صحتیاب ہوئے ہیں جو 91 فیصد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 109 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 165 کیسز اور 17 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 851 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 24 ہزار 938 تک پہنچ گئی۔

ان مجموعی کیسز میں سندھ کے 822 کیسز اور 4 اموات گزشتہ روز رپورٹ ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے جون تک وبا کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی گئی۔

تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور یہ سلسلہ ستمبر کے اوائل تک جاری رہا۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط سے ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اکتوبر میں اس میں مزید تیزی آگئی، جس کا رجحان نومبر میں بھی نظر آرہا ہے اور ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

آج 14 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 487 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 9 ہزار 309 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں وبا کی وجہ سے ایک روز میں مزید 7 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 462 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 251 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 41 ہزار 723 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 2 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 1305 ہوگئی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 54 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 328 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 155 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 411 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 23 ہزار 533 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد وہاں اموات بڑھ کر 253 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 122نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 261 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 1 مریض انتقال کرگیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 122 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 18 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 434 ہوگئی۔

وادی میں اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 851 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 414 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 354461

اموات: 7109

صحتیاب: 322414

فعال کیسز: 24938

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 873 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 9 ہزار 309 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 41 ہزار 723 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 328 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 ہزار 533 ، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 434 اور آزاد کشمیر میں 5 ہزار 261 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2722

پنجاب: 2462

خیبرپختونخوا: 1305

بلوچستان: 155

اسلام آباد: 253

آزاد کشمیر: 119

گلگت بلتستان: 93

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024