• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

کورونا کی دوسری لہر میں تیزی: ملک میں ایک روز میں 3 ہزار سے زائد کیسز، 59 اموات

شائع November 25, 2020
پاکستان میں اموات ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھ رہی ہیں—فائل فوٹو: نیویارک ٹائمز
پاکستان میں اموات ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھ رہی ہیں—فائل فوٹو: نیویارک ٹائمز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ایک مرتبہ پھر خراب ہوتی جارہی ہے اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد نہ کیے جانے سے دوسری لہر میں تیزی آگئی ہے اور جولائی کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز میں کیسز کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

یہی نہیں بلکہ حکام خبردار کرچکے ہیں کہ اگر ہم نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاط نہیں کی تو اگلے دو ہفتوں میں حالات خدا نخواستہ پھر اسی نہج پر چلے جائیں گے جب جون میں وبا کی پہلی لہر کا عروج تھا۔

اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 ہے جس میں سے 3 لاکھ 32 ہزار 974 صحتیاب ہوئے ہیں جو 87 فیصد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 803 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 9 کیسز اور 59 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ ایک ہزار 214 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار 115 تک پہنچ گئی۔

یہ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز میں کیسز اور اموات کی تعداد میں کافی تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور یہ 4 ماہ پہلے کی سطح پر پہنچتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے جون تک وبا کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی گئی تھی۔

تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی تھی اور یہ سلسلہ ستمبر کے اوائل تک جاری رہا تھا۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط سے ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اکتوبر میں اس میں مزید تیزی آگئی، جس کا رجحان نومبر میں بھی نظر آرہا ہے اور یومیہ کیسز جو سیکڑوں میں اور اموات جو درجن سے بھی کم ہونا شروع ہوئی تھیں وہ بالترتیب اب ہزاروں اور درجنوں میں پہنچ چکی ہیں۔

آج 25 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 382 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 33 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 13 افراد ایسے تھے جو اس عالمی وبا کے باعث انتقال بھی کرگئے اور یوں یہ تعداد 2 ہزار 858 تک جا پہنچی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 648 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 786 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 25 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 904 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 382 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 314 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 9 افراد لقمہ اجل بنے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 339 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 891 تک پہنچ گئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح مجموعی تعداد 164 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 424 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار 979 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 291 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 113 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 316 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 151 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 573 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 24 گھنٹوں میں وہاں کوئی ایک فرد کا انتقال ہوا جس کے بعد گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 214 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 974 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز:382892

صحتیاب: 332974

اموات: 7803

فعال کیسز: 42115

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 33 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 786 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 45 ہزار 314 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 891 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 27 ہزار 979 ، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 316 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 573 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2858

پنجاب: 2904

خیبرپختونخوا: 1339

بلوچستان: 164

اسلام آباد: 291

آزاد کشمیر: 151

گلگت بلتستان: 96

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024