• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان، سرفراز کی واپسی

شائع December 6, 2020
بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے 18 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس میں سابق کپتان سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ پر موجود قومی ٹیم کے 8 اراکین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے اس دورے پر خطرے کے بادل منڈلا رہے تھے تاہم چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس خطرے کے امکان کو مسترد کردیا تھا۔

تاہم اب 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ: پاکستانی دستے کے آٹھویں رکن کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے کے مطابق گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے دیگر 2 میچز 20 دسمبر کو ہملٹن اور 22 دسمبر کو نیپئر میں کھیلے جائیں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم اس وقت کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ میں ہے اور وہاں سے اپنی مدت پوری کرنے کے بعد وہ 8 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 18 رکنی قومی ٹیم میں سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے جبکہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ رہنے والے فخر زمان، روحیل نذیر اور ظفر گوہر کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کا مشکور ہوں جنہوں نے کووڈ 19 کے دوران کرکٹ سرگرمیوں کو بحال کرنے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے بنائے گئے نیوزی لینڈ کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں تاہم اس حقیقت سے بھی انکاری نہیں کہ بعض قواعد و ضوابط کے نفاذ نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے کے باوجود پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے جبکہ وہ ٹیسٹ کی دوسری اور ٹی ٹوئنٹی کی چھٹی بہترین ٹیم ہے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، سرفراز احمد، محمد رضوان، حیدرعلی، محمد حفیظ، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر، وہاب ریاض، فہیم اشرف، موسیٰ خان، عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024