• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ماضی کی مقبول اداکارہ فردوس بیگم انتقال کر گئیں

شائع December 16, 2020
فردوس بیگم کو چند دن قبل برین ہیمبرج کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
فردوس بیگم کو چند دن قبل برین ہیمبرج کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

معروف و سینئر اداکارہ فردوس بیگم کچھ عرصے تک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔

فردوس بیگم نے نوجوانی میں 1960 کے بعد فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔

پنجابی فلموں سے کیریئر کا آغاز کرنے والی فردوس بیگم کا پیدائشی نام پروین تھا اور انہوں نے 4 دہائیوں کے فلمی سفر میں 150 کے قریب فلموں میں کام کیا۔

فردوس بیگم کو ان کی معروف فلموں 'ہیر رانجھا، دلاں دے سودے، آنسو، ملنگی اور فانوس' سے شہرت ملی۔

یہ بھی پڑھیں: کل کی فردوس ،آج کی جنتِ گم گشتہ: فردوس بیگم

فردوس بیگم نے زیادہ تر پنجابی زبان کی فلموں میں کام کیا اور انہیں پنجابی فلموں کی سپر اسٹار کا درجہ بھی حاصل رہا۔

فردوس بیگم نے تقریباً 150فلموں میں کام کیا، جس میں سے 130 پنجابی ، 20 اردو اور 3 پشتو فلمیں تھیں۔

فردوس بیگم کو پاکستانی فلموں کی مارلن منرو بھی کہا جاتا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
فردوس بیگم کو پاکستانی فلموں کی مارلن منرو بھی کہا جاتا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اداکاری سے قبل انہیں رقص کی وجہ سے شہرت حاصل تھی تاہم بعد ازاں انہوں نے اداکاری سے بھی لوگوں کے دل جیتے۔

فردوس بیگم نے پنجابی کے علاوہ اردو اور پشتو زبان کی فلموں میں بھی کام کیا، علاوہ ازیں وہ ٹی وی و تھیٹر پر بھی اداکاری کرتی دکھائی دیں۔

فردوس بیگم کے خاندانی ذرائع کے مطابق انہوں نے دو شادیاں کیں، ان کی پہلی شادی زیادہ کامیاب نہ ہوسکی۔

فردوس بیگم نے 150 کے قریب فلموں میں کام کیا—پرومو فوٹوز/ اسکرین شاٹ
فردوس بیگم نے 150 کے قریب فلموں میں کام کیا—پرومو فوٹوز/ اسکرین شاٹ

فردوس بیگم گزشتہ کئی سال سے طویل العمری کے باعث صحت کے مختلف مسائل کا شکار تھیں جب کہ انہوں نے 1990 سے قبل ہی فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ ہفتے فردوس بیگم کو برین ہیمبرج کے باعث لاہور کے نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔

چند دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 16 دسمبر کو وہ فانی دنیا سے کوچ کر گئیں۔

فردوس بیگم کے انتقال پر فلم و ڈراما انڈسٹری کی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا جب کہ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024