'حلیمہ سلطان' ایک اور پاکستانی برانڈ کی ایمبیسڈر بن گئیں
ترکی کے ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے میں حلیمہ سلطان کے روپ میں نظر آنے والی ترک اداکارہ اسرا بلگچ ایک اور پاکستانی برانڈ کی ایمبیسڈر بن گئیں۔
خیال رہے کہ رواں برس ڈان کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کا آغاز کرنے والی ہیں۔
ڈان آئیکون کو دیے گئے انٹرویو میں اسرا بلگچ نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار پاکستان کے 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کریں گی، تاہم اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا تھا۔
بعدازاں ترک اداکارہ نے رواں برس جولائی میں اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل کی برانڈ ایمبیسڈر بننے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے بعد وہ جولائی ہی کے مہینے میں پاکستانی موبائل کمپنی جاز کی بھی برانڈ ایمبیسڈر بنی تھیں۔
اور حال ہی میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نے پاکستانی برانڈ 'کھاڈی' کے خصوصی کلیکشن کا فوٹو شوٹ بھی کرایا تھا۔
اب اداکارہ نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کرلیا ہے۔
چند روز قبل بلیو ورلڈ سٹی کے آفیشل اکاؤنٹ پر اسرا بلگچ کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہیں ہاؤسنگ سوسائٹی کا نیا چہرہ قرار دیا گیا تھا۔
ویڈیو میں ترک اداکارہ ہاؤسنگ سوسائٹی کو 'میرا نیا گھر' کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
اسی اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ میں اسرا بلگچ، بلیو ورلڈ سٹی کے چیف ایگزیکٹو کے ساتھ دکھائی دیں۔
علاوہ ازیں ایک اور پوسٹ میں اداکارہ کو بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ بطور برانڈ ایمبیسڈر معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرا بلگچ سے قبل اسی ڈرامے کے مرکزی کردار انگین التان دوزیتان نے بھی اسلام آباد کی بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔
تاہم اس ہاؤسنگ سوسائٹی کو راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد ترک اداکار نے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔
مزید پڑھیں: کیا 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار نے پاکستانی برانڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا؟
راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے ترجمان حافظ محمد عرفان نے کہا تھا کہ یہ ہاؤسنگ سوسائٹی غیر قانونی ہے جس کے پاس نہ تو کوئی این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) ہے اور نہ کوئی لے آؤٹ پلان موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ آر ڈی اے نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف عدالت میں کیس بھی دائر کر رکھا ہے جو تاحال زیر سماعت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا تھا کہ ابھی تک راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بلیو ورلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی جاری نہیں کیا اور اس حوالے سے متعدد مرتبہ اخبارات میں تشہیر بھی کی گئی ہے کہ یہ ہاؤسنگ سوسائٹی غیر قانونی ہے لہذا بیرون ملک مقیم پاکستانی اس میں سرمایہ کاری نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کی 'حلیمہ' پاکستان آنے کے لیے بیتاب
علاوہ ازیں اکتوبر میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بلیو ورلڈ ہاؤسنگ اسکیم کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عوام کی جانب سے بلیو ورلڈ ہاؤسنگ اسکیم کی جانب سے مبینہ طور پر اربوں روپے لوٹنے کی شکایات کے بعد ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
بعدازاں 18 نومبر کو نیب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق قومی احتساب آرڈیننس (این اے او)، 1999 کے تحت بلیو ورلڈ سٹی کے سعد نذیر اور چوہدری ندیم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔