• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عالمی ادارہ صحت نے پہلی کورونا ویکسین کی منظوری دے دی

شائع January 1, 2021
عالمی ادارہ ویکسین کے استعمال کا ہدایت نامہ بعد میں جاری کرے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی ادارہ ویکسین کے استعمال کا ہدایت نامہ بعد میں جاری کرے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا سے تحفظ کے لیے تیار کی گئی امریکی کمپنی فائزر و جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی مشترکہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔

فائزر و بائیو این ٹیک نے نومبر کے وسط تک ویکسین کی کامیابی کے نتائج جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویکسین کورونا سے 95 فیصد تک تحفظ فراہم کرتی ہے۔

نتائج جاری کرنے کے بعد کمپنیوں نے ویکسین کی منظوری کے لیے عالمی ادارہ صحت سمیت کئی ممالک کو درخواستیں جمع کرائی تھیں، جن میں سے سب سے پہلے برطانیہ نے ان کی درخواست منظور کی تھی۔

برطانیہ نے دسمبر 2020 کے آغاز میں فائرز و بائیو این ٹیک کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی، جس کے بعد 8 دسمبر کو وہاں اس کا استعمال بھی شروع کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دینے والا پہلا ملک

برطانیہ کے بعد کینیڈا، سنگاپور، امریکا اور سعودی عرب سمیت یورپین یونین نے بھی گزشتہ ماہ دسمبر کے وسط تک مذکورہ ویکسین کی منظوری دیتے ہوئے اس کا استعمال بھی شروع کردیا تھا۔

تمام ممالک نے فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی، جس کا مطلب یہ ہے کہ ابتدائی طور پر مذکورہ ویکسین ایسے افراد کو لگائی جائے گی، جن میں کورونا میں مبتلا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

فائر و بائیو این ٹیک کی ویکسین پہلی ویکسین بن گئی جس کی منظوری ڈبلیو ایچ او نے دے دی—فائل فوٹو: اے ایف پی
فائر و بائیو این ٹیک کی ویکسین پہلی ویکسین بن گئی جس کی منظوری ڈبلیو ایچ او نے دے دی—فائل فوٹو: اے ایف پی

تمام ممالک نے ابتدائی طور پر طبی رضاکاروں، سیکیورٹی و ریسکیو اہلکاروں اور عمر رسیدہ افراد کو ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

اور اب عالمی ادارہِ صحت نے بھی مذکورہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی، جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اب بیک وقت بہت سارے ممالک اسے استعمال کرنے کی منظوری دیں گے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 31 دسمبر 2020 کو جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی گئی کہ صحت سے متعلق عالمی ادارے نے فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی۔

مزید پڑھیں: امریکا نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

بیان میں بتایا گیا کہ عالمی ادارہ صحت کی رکن ممالک کے ارکان پر مشتمل باڈی اسٹریٹجک ایڈوائزری گروپ آف ایکسپرٹس آف امیونائزیشن (ساگا) کی منظوری کے بعد ویکسین کے استعمال کی منظوری دی گئی۔

بیان کے مطابق مذکورہ باڈی ویکسین سے متعلق رکن ممالک کے لیے مجموعی ہدایت نامہ آئندہ چند روز میں جاری کرے گی، جس میں ویکسین کے استعمال سے متعلق تجاویز دی جائیں گی۔

عالمی ادارہ صحت نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دیتے ہوئے رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ بھی ویکسین کی منظوری اور اس کے استعمال سے متعلق ہدایات جاری کرنے کے عمل میں عالمی ادارے کا ساتھ دیں۔

عالمی ادارے نے ویکسین کی منظوری کو کورونا کی وبا کے خلاف اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب کئی ممالک مذکورہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024