کورونا وائرس کے باعث گریمی ایوارڈز 14 مارچ تک ملتوی

شائع January 6, 2021 اپ ڈیٹ January 14, 2021
لاس اینجلس میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث 31 جنوری کو ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز
لاس اینجلس میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث 31 جنوری کو ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز

امریکا کے شہر لاس اینجلس میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث 31 جنوری کو ہونے والی گریمی ایوارڈز کی تقریب اب 14 مارچ کو ہوگی۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ریکارڈنگ اکیڈمی اور براڈکاسٹر سی بی ایس نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ میوزک انڈسٹری میں اعلیٰ ترین اعزازات دینے کی تقریب کو موسیقاروں اور ماہرین صحر سے بات چیت کے بعد ملتوی کردیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'ماہرین صحت، شو میں شرکت کرنے والے ہمارے میزبان اور فنکاروں سے بات چیت کے بعد 63 ویں سالانہ گریمی ایوارڈز اب 14مارچ 2021 کو منعقد ہوں گے'۔

مزید پڑھیں: بیونسے 'گریمی ایوارڈز' میں 7 نامزدگیوں کے ساتھ سر فہرست

مزید کہا گیا کہ 'لاس اینجلس میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یوز) بھی بھر رہے ہیں اور ریاست اور مقامی حکومت کی نئی ہدایات کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہمارے شو کو ملتوی کرنا ہی درست ہے۔

ایوارڈز ملتوی کرنے کی خبر سب سے پہلے رولنگ اسٹون میگزین اور ورائٹی کی جانب سے رپورٹ کی گئی تھی جبکہ ریکارڈنگ اکیڈمی نے اپنے اراکین کو ایک میمو میں بتایا تھا کہ ایوارڈز کی نئی تاریخ 21 مارچ ہوگی۔

خیال رہے کہ لاس اینجلس میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں اور ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

شہر کے جمز، ہیئرسیلونز اور ریسٹورنٹس بند کردیے گئے ہیں اور رہائشیوں کو جس حد تک ممکن ہو گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلی آئلش ایک ساتھ 5 گریمی ایوارڈز جیتنے والی پہلی گلوکارہ

خیال رہے کہ کورونا کی وبا کے باعث ممکنہ طور پر 'گریمی ایوارڈز' کی تقریب ورچوئل منعقد ہونی تھی اور اس سال کی تقریب کی میزبانی کامیڈین ٹریور نوواہ کریں گے۔

63ویں گریمی ایوارڈز مین مشہور زمانہ امریکی گلوکار بیونسے نے میوزک کے لیے آسکر ایوارڈز جیسی اہمیت رکھنے والے معروف 'گریمی ایوارڈز' میں سب سے زیادہ 7 نامزدگیاں حاصل کرکے نیا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 جنوری 2025
کارٹون : 2 جنوری 2025