پی ایس ایل 2021، 'ہمارے ہیروز' مہم کا آغاز
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)نے انویرکس سولر انرجی کے اشتراک سے 2021 ایڈیشن کے لیے ہمارے ہیروز مہم کا آغاز کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 2020 میں متعارف کروائی گئی مہم کو بہت پذیرائی ملی تھی، جس میں کبڈی کے کھلاڑی انعام بٹ، بانی اے سی ایف اینیمل ریسکیو عائشہ چندریگر، کوہ پیما نذیر سلطان، ای اسپورٹس کھلاڑی ارسلان اور فلم سازفہیم عزوی جیسے نام شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: کھلاڑیوں کے چناؤ کیلئے ٹیموں کی ترتیب طے پاگئی
بیان میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر پی ایس ایل 2020 میں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 32 'ہمارے ہیروز' کی خدمات کو سراہا گیا تھا۔
پی سی بی نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی انویرکس سولر انرجی کے اشتراک سے پی ایس ایل 2021 میں تعلیم، ثقافت، آرٹ، موسیقی، سماجی خدمت، کھیل، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی خدمات کو سراہا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ شعبوں میں نمایاں اور قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی خدمات کو سراہا جائے گا جس کے لیے پی ایس ایل کے شائقین مختلف کٹیگریز میں ہمارے ہیروز کے لیے نامزدگی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں اور وہ کسی بھی فرد یا ادارے کو سماجی خدمت کے اعتراف میں نامزد کرسکتے ہیں۔
پی سی بی نے رواں برس ہمارے ہیروز کے لیے تعلیم، فن و ثقافت، سماجی بہبود، سوشل انٹر پرینورشپ، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی، صحت عامہ جیسی کیٹگریز رکھی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر کمرشلز پی سی بی بابرحامد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 2020 میں ہمارے ہیروز مہم کی پذیرائی کے بعد ہم نے اس مہم کے ذریعے پاکستان کے گم نام ہیروز کی خدمات کو سراہنے کا سلسلہ رواں سال بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پی ایس ایل کے شائقین کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ ان کٹیگریز میں شامل افراد یا تنظیموں کو نامزد کرسکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر انویرکس سولر انرجی ذاکر علی کا کہنا تھا کہ ہم پی ایس ایل میں ایک بار پھر ہمارے ہیروز کی مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے بہت پرجوش ہیں، خوشی ہے کہ ہم نے پی سی بی کے تعاون سے پاکستان کے گم نام ہیروز کی خدمات کو سراہنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔